• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

مبشرہ خالد

کچھ پکوان، بالخصوص سوئیٹ ڈِشز ایسی ہوتی ہیں کہ جنہیں سردی اور گرمی دونوں موسموں ہی میں کھانے میں لطف محسوس ہوتا ہے، جن میں آئس کریم بھی شامل ہے، جب کہ بچّے تو ہمہ وقت ہی آئس کریم کھانے پر آمادہ رہتے ہیں۔ 

چوں کہ موسمِ گرما اور آئس کریم لازم و ملزوم ہیں، تو آج ہم مختلف اقسام کی آئس کریمز ہی کی تراکیب کے ساتھ حاضر ہیں، جنہیں گھر پربہ آسانی تیار کیا جاسکتا ہے، خاص طور پر بچّے اِنہیں بڑے ذوق و شوق سے کھائیں گے اور آپ کو خوب داد بھی دیں گے۔ یاد رہے کہ ذیل میں پیش کی جانے والی آئس کریمز کی تراکیب کا اہم ترین جُزو’’وِپنگ کریم‘‘ ہے، جو بازار میں بہ آسانی دست یاب ہے۔

چیکو آئس کریم

اجزاء:

چیکو دس عدد، دودھ آدھا کپ، چینی ایک کپ، وِپنگ کریم ایک کپ۔

ترکیب:

چیکو کاٹ کر بلینڈر میں دودھ کے ساتھ بلینڈ کرلیں۔ اس کے بعد ایک پیالے میں وِپنگ کریم کو چینی کے ساتھ اس قدر پھینٹیں کہ وہ مقدار میں زیادہ محسوس ہونے لگے۔ اب چیکو کا آمیزہ اس میں شامل کریں اور جب وہ اچھی طرح مکمل طور پر مکس ہوجائے، تو اُسے آئس کریم کے سانچوں میں ڈال کر فریزر میں رکھ دیں۔ تین سے چار گھنٹے بعد مزے دار چیکو آئس کریم کھانے کے لیے پیش کریں۔

چاکلیٹ آئس کریم

اجزاء:

کوکو پاؤڈر دو کھانے کے چمچ، دودھ آدھا کپ، چینی ایک کپ، وِپنگ کریم ایک کپ۔

ترکیب:

ایک پیالےمیں کوکو پاؤڈر اور دودھ کا آمیزہ تیار کرلیں اور دوسرے پیالے میں وِپنگ کریم کو چینی کے ساتھ پھینٹ لیں۔ جب مقدار زیادہ محسوس ہونےلگے، تو کوکو پاؤڈر کا آمیزہ بھی اِس میں ملا لیں۔ آمیزہ مکمل طور پر مکس ہوجائے، تو آئس کریم کے سانچوں میں ڈال کر فریزر میں رکھ دیں۔ تین سے چار گھنٹے میں مزے دار چاکلیٹ آئس کریم تیار ہوجائے گی۔

براؤنی آئس کریم

اجزاء (برائونی کے لیے):

میدہ ایک چوتھائی کپ، چینی ایک چوتھائی کپ، کوکو پائوڈر ایک چوتھائی کپ، بیکنگ پاؤڈر آدھاچائے کا چمچ، نمک حسبِ ذائقہ، تیل ایک چوتھائی کپ، انڈا ایک عدد، ونیلا ایسینس چند قطرے، گرم پانی یا دودھ ایک چوتھائی کپ۔

اجزاء (آئس کریم کے لیے): 

وِپنگ کریم ایک کپ، چینی آدھا کپ۔

ترکیب: برائونی بنانے کے لیے ایک پیالے میں تمام خشک اجزاء ملا لیں۔ اِس کے بعد تیل، انڈا، ونیلا ایسینس اور دودھ یا پانی ملا کر آمیزہ تیار کرلیں۔ آمیزہ تیار ہوجائے، تو ایک برتن میں ڈال کرمائکرو ویو میں بیک ہونے کےلیے رکھ دیں۔ برائونی تیار ہوجائے، تو ٹھنڈی ہونے پر اچھی طرح چُورا کرلیں۔

اب ایک پیالی میں وِپنگ کریم کو چینی کے ساتھ خُوب پھینٹیں اور برائونی کا چُورا اُس میں آہستہ آہستہ ملا لیں۔ مکمل طور پر مل جائے، تو آمیزے کو آئس کریم سانچوں میں ڈال کر فریزر میں جمنے کے لیے رکھ دیں۔ تین سے چار گھنٹے میں مزے دار براؤنی آئس کریم کھانے کے لیے پیش کریں اور خُوب داد پائیں۔