• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

9 مئی کا شاخسانہ حل ہونے تک مذاکرات نہیں ہوسکتے، خواجہ آصف


وزیر دفاع خواجہ آصف نے کہا ہے کہ اس قسم کا کوئی بھی چانس نہیں ہے کہ 9 مئی کو بُھولا جا سکے۔ 9 مئی کو ایک گروہ نے منظم سازش کے تحت بغاوت برپا کی اور وہ ناکام ہو گئی۔ 

جیو نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے خواجہ آصف نے کہا وہ بغاوت افواج پاکستان کے اتحاد کے خلاف تھی۔ وہ بغاوت ایک شخص نے برپا کی جو اپنا اقتدار کھو چکا تھا، 9 مئی کا شاخسانہ جب تک حل نہیں ہوتا مذاکرات قطعی نہیں ہوسکتے۔

خواجہ آصف نے کہا 9 مئی کے کیسز کے فیصلے جیسے ہونے چاہیے تھے نہیں ہو رہے۔ ہمارے عدالتی نظام نے جس طرح 9 مئی کے کیسز کے فیصلے کرنے تھے وہ نہیں ہو رہے۔ 9 مئی میں ملوث افراد کو آج بھی قانون کا سہارا مل رہا ہے۔

انکا کہنا تھا کہ پیپلز پارٹی کے رہنما نیر بخاری کا بیان ان کی ذاتی رائے ہے۔ نیر بخاری کی جماعت کی قیادت کی طرف سے ہمیں ایسی کوئی بات نظر نہیں آئی۔ 

وزیر دفاع نے کہا کہ پیپلز پارٹی کی لیڈرشپ ہر مسئلے پر ہمارے ساتھ ہے۔ حکومت کہیں نہیں جا رہی، میڈیا پر جھوٹا پروپیگنڈا ہو رہا ہے۔ 

خواجہ آصف نے کہا کہ اللّٰہ کا فضل ہے موجودہ حالات نئے انتخابات کی کوئی ڈیمانڈ نہیں کرتے۔ اگر کبھی بھی انتخابات قبل از وقت ہونے ہوئے تو یہ فیصلہ حکومت کرے گی۔

قومی خبریں سے مزید