کراچی (اسٹاف رپورٹر)پاکستان میں مراکش کے سفیر محمد کارمون نے مراکش اور پاکستان کے دوستانہ تعلقات مزید مضبوط بنانے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا ہے کہ اس وقت مراکش اور پاکستان کے مابین اربوں روپے مالیت کی دوطرفہ تجارت ہورہی ہے، جس میں مزید اضافہ ہوسکتا ہے، جو دونوں ممالک کے مفاد میں رہے گا۔ وہ منگل کی شب یہاں مراکش کے بادشاہ محمد(ششم) کی تخت نشینی کی 25ویں سالگرہ پر منعقدہ خصوصی تقریب سے خطاب کررہے تھے، جو مراکش کے اعزازی قونصل جنرل مرزا اشتیاق بیگ کی رہائش واقع ڈیفنس ہاؤسنگ اتھارٹی میں منعقد ہوئی، جس میں متعدد غیر ملکی سفارت کاروں اور کاروباری شخصیات سمیت پیپلز پارٹی کے رکن قومی اسمبلی مرزا اختیار بیگ، سابق ٹیسٹ کرکٹرز سلیم یوسف، سکندر بخت، سابق ہاکی اولمپئن اصلاح الدین اور مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے معروف افراد نے شرکت کی۔ اس موقع پر اشتیاق بیگ نے مہمانوں کو خوش آمدید کہتے ہوئے پاک مراکش تعلقات کی طویل تاریخ پر روشنی ڈالتے ہوئے تعلقات کی مزید وسعت اور مضبوطی پر زور دیا۔