بنگلادیش کی سابق وزیراعظم شیخ حسینہ واجد کے مستعفی ہونے اور ملک سے فرار ہونے کے بعد بننے والی عبوری حکومت کے سربراہ ڈاکٹر محمد یونس کی رہائش گاہ اور دفتر کیلئے سرکاری گیسٹ ہاؤس کو تیار کیا جا رہا ہے۔
بنگلادیشی میڈیا کے مطابق عبوری حکومت کے چیف ایڈوائزر اپنے عہدے کا حلف اٹھانے کے بعد منٹو روڈ ڈھاکا میں واقع سرکاری گیسٹ ہاؤس جمنا میں رہائش پذیر ہوں گے۔
رپورٹ کے مطابق شیخ حسینہ کے ملک چھوڑنے کے بعد بڑی تعداد میں مظاہرین وزیراعظم کے دفتر اور سرکاری رہاش گاہ گنابھابن میں داخل ہوگئے تھے، جہاں لوگوں نے توڑ پھوڑ کرتے ہوئے خوب لوٹ مار بھی کی تھی، جس کے نتیجے میں یہ دونوں مقامات فی الحال دفتر کے کام یا رہائش کیلئے موزوں نہیں ہیں۔
چیف ایڈوائزر کے دفتر اور رہائش گاہ کی تیاری میں شامل کئی افسران نے بتایا کہ عبوری حکومت کے قیام کے فیصلے کے بعد کابینہ ڈویژن کے اہلکار جمنا کو چیف ایڈوائزر کے دفتر اور رہائش گاہ کے طور پر ترتیب دینے کےلیے صدر کے ساتھ مشاورت کر رہے ہیں۔
ایک اور اہلکار نے بتایا کہ وزیر اعظم کے دفتر اورگنابھابن کی فوری مرمت کے لیے تیاریاں جاری ہیں، جبکہ ایک کمیٹی پہلے ان دونوں اہم ریاستی عمارتوں کو پہنچنے والے نقصان کا اندازہ لگائے گی اور پھر فوری مرمت شروع کی جائے گی۔