اسلام آباد (نمائندہ خصوصی) وفاقی وزیرِداخلہ چوہدری نثار علی نے امریکہ پر واضح کردیا ہے کہ پاکستان اور پاکستانیو ں نے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں کتنی بھاری قیمت ادا کی ہے امریکی پارلیمنٹیرینز کو اسکا نہ احساس ہے نہ ادراک۔ ان کے متازعہ بیانات سے پاکستان کے اندر امریکہ کے بارے میں شدید ردعمل پایا جاتا ہے ۔ انہوں نے ان خیالات کا اظہار امریکی سفیر ڈیوڈ ہیل سے ملاقات میں کیاجنہوں نے جمعرات کو اسلام آباد میں وزیرِداخلہ سے ملاقات کی ۔بیان کے مطابق ملاقات میں پاک-امریکہ تعلقات ، سیکیورٹی سمیت مختلف امور میں جاری دو طرفہ تعاون اور خطے کی صورتحال پر بات چیت ہوئی۔ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پاکستان کے کردار کے حوالے سے میڈیا پر آنے والے بعض امریکی کانگریس اراکین اور چند امریکی اہلکا رو ں کے بیانات پر وزیرِداخلہ کی طرف سے باضابطہ طور شدید تحفظات کا اظہارکیا گیا ۔وزیرِداخلہ نے کہا کہ ہمیں افسوس یہ ہے کہ پاکستان اور پاکستانیو ں نے اس جنگ میں کتنی بھاری قیمت ادا کی ہے امریکی پارلیمنٹیرینز کو اسکا نہ احساس ہے نہ ادراک۔ ایسے بیانات سے پاکستان کے اندر امریکہ کے بارے میں شدید ردعمل پایا جاتا ہے انھوں نے واضح کیا کہ خطے میں پائیدار امن کے لئے پاکستان کی سنجیدہ کوششوں پر غیر ضروری نقطہ چینی اور الزام تراشی کی روش مشترکہ مفادات کے حصول کی راہ میں مشکلات پیداکر سکتی ہے۔ وزیرِداخلہ نے کہا کہ دہشت گردی کے خلاف حاصل ہونے والی کامیابیاں نہ صرف ہمارے اپنے بلکہ خطے کے محفوظ مستقبل کے لئے ہماری مخلصانہ کوششوں کی عکاس ہیں۔ ملاقات میں امریکی سفیرنے کہا کہ امریکی حکومت دہشت گردی کے خلاف جاری جنگ خصوصا ضرب عضب کی کامیابیوںاور خطے میں امن کے لئے پاکستان کی کوششوںکو تسلیم کرتی ہے۔ امریکی سفیر کی جانب سے سیکیورٹی اور امیگریشن کے حوالے سے وزارتِ داخلہ اور ایف آئی اے کے کردار اور اقدامات کی بھی تعریف کی گئی۔دریں اثنا چین کے سٹیٹ سیکیورٹی کے وزیر جینگ ہشانگ کی قیادت میں چین کے اعلیٰ سطح کے وفد سے ملاقات میں وزیر داخلہ نے کہا کہ پاکستان اور چین نے پاک چین اقتصادی راہد ار ی کی مخالف علاقائی و بین الاقوامی قوتوں کی سازشوں کی ناکامی کے لیے اہم نوعیت کے فیصلے کر لیے ہیں۔چین نے اپنے باشندوں اور ورکرز کی حفاظت کے لیے پاک فوج کے تحت سپیشل سیکیورٹی ڈویژن کے قیام پر اطمینان کا اظہار کیا ہے۔وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان نے سی پیک کو سٹرٹیجک گہرائی پر مشتمل منصوبہ قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ 21 ویں صدی میں پاکستان اور چین فیصلہ کن شراکت دار ثابت ہو سکتے ہیں۔ جاری بیان کے مطابق ملاقات میں چین کے سیکیورٹی کے اس وفد میں وزیر سٹیٹ سیکیورٹی کے ساتھ چین میں انسداد دہشت گردی،ٹیکینکل،انٹیلی جنس اداروں کے اعلیٰ حکام شامل تھے۔ملاقات میں دونوں ممالک کی سیکیورٹی سٹیبلشمنٹ خفیہ معلومات کے تبادلے دہشت گردی کے سدباب اور پاک چین اقتصادی راہداری کی حفاظت سے متعلق امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ چوہدری نثار علی خان نے کہا کہ پاکستان چین کے ساتھ انسداد دہشت گردی،سلامتی،خفیہ معلومات کے تبادلے اور تجارت میں مزید تعاون کو مزید توسیع دیناچاہتا ہے۔ دونوں ممالک ان معاملات میں 21 ویں صدی میں فیصلہ کن شراکت دار ہو سکتے ہیں۔ وزیر داخلہ نے کہا کہ سی پیک کی کامیابی سے تکمیل سے پاکستان اور چین کے درمیان مضبوط دوستی،معیشت بالخصوص سٹرٹیجک تعلقا ت کو نئی جہت ملیں گی۔ پاک چین اقتصادی راہداری سے پاکستان اور چین کے علاوہ پورے خطے بلکہ اس سے باہر اقتصادی تعاون کے پھیلائو میں مدد ملے گی۔پاک چین اقتصادی راہداری نہ صرف دونوں ممالک کا تاریخی منصوبہ ہے بلکہ یہ پاک چین تعلقات کی سٹرٹیجک گہرائی پر بھی مرکوز ہوگا ۔وزیرداخلہ نے مزید کہا کہ پاکستان اور چین کو اقتصادی راہداری کی مخالف علاقائی و بین الاقوامی قوتوں سے محتاط رہنا چاہیے کیونکہ یہ قوتیں سی پیک کو اپنے مفادات کے لیے نہیں دیکھتیں۔ ملاقات میں وزیرداخلہ نے پاک چین اقتصادی راہداری کے خلاف تمام سازشوں کو ہر سطح پر ناکام بنانے کے پاکستان کے پختہ عزم کا اعادہ کیا۔وزیر داخلہ نے مزید کہا کہ دہشت گردی،انتہاء پسندی اور تشدد کے خاتمے کے لیے تیزی کے ساتھ خفیہ معلومات کے تبادلہ کو بڑھانا چاہیے۔وزیر داخلہ نے یہ بھی کہا کہ پاکستان، تشدد پیدا کرنے اور انتشار پھیلانے والے تمام دہشت گروپوں کے خلاف لڑ رہا ہے۔ ہم اپنے اس پختہ عزم پر قائم ہیں کہ اپنی سرزمین کو کسی دوسرے ملک کے خلاف تشدد کے لیے قطعاً استعمال نہیں ہونے دیں گے۔دہشت گرد گروپوں کے خلاف جاری لڑائی کے خاتمے سے متعلق وزیر داخلہ نے کہا کہ آپریشن ضرب عضب کی کامیابیوں کے اس حوالے سے ثمرات ملنے لگے ہیں۔ ملا قا ت میں پاکستان میں مختلف منصوبوں بشمول سی پیک پر کام کرنے والے چینی باشندوں کی حفاظت کے حوالے سے وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان نے وفد کو پاک افواج کے تحت قائم ہونے والی نیشنل سیکیورٹی ڈویژن سے آگاہ کیا جس نے چینی ورکرز کو سیکیورٹی کی فراہمی شروع کر دی ہے۔ ملاقات میں چین کے سٹیٹ سیکیورٹی کے وزیر نے دہشت گردی کے خلاف پاکستان کی کاوشوں بالخصوص آپر یشن ضرب عضب کی کامابیوں کے حوالے سے خراج تحسین پیش کیا ملاقات میں سلامتی کے معاملات پر خفیہ معلومات اور دیگر تفصیلات کی فراہمی و قریبی روابط کے لیے فنی ویگر تعاون کوبڑھانے پر اتفاق کیا گیا ۔