• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ہمارا مذہب اقلیتوں کے حقوق کے تحفظ کو مکمل طور پر تسلیم کرتا ہے: صدرِ مملکت آصف زرداری

صدرِ مملکت آصف علی زرداری---فائل فوٹو
صدرِ مملکت آصف علی زرداری---فائل فوٹو

صدرِ مملکت آصف علی زرداری نے کہا ہے کہ ہمارا مذہب اسلام اقلیتوں کے حقوق کے تحفظ کو مکمل طور پر تسلیم کرتا ہے۔

11 اگست کو اقلیتوں کے دن پر جاری کیے گئے پیغام میں آصف علی زرداری نے کہا ہے کہ پاکستان کی سماجی و اقتصادی ترقی میں اقلیتوں کے کردار کے اعتراف میں یہ دن مناتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ اقلیتوں کے حقوق و مذہبی آزادیوں کے تحفظ کے لیے قائد اعظم کے 11 اگست 1947ء کے وعدے پر قائم رہیں گے، اقلیتوں کو آئینِ پاکستان میں ضمانت کردہ تمام سیاسی، معاشی اور سماجی حقوق حاصل ہیں۔

آصف علی زرداری کا کہنا ہے کہ ہم نے سرکاری ملازمتوں میں اقلیتوں کے لیے 5 فیصد کوٹہ مختص کیا ہے، پارلیمنٹ کے دونوں ایوانوں میں ان کے لیے نشستیں مختص ہیں۔

صدرِ مملکت نے کہا کہ اقلیتی طلباء کو وظائف، عبادت گاہوں کی مرمت اور دیکھ بھال کی فنڈنگ کے اقدامات کیے جا رہے ہیں، پاکستان اقلیتوں کے مذہبی، سماجی، سیاسی اور معاشی حقوق کا تحفظ یقینی بنانے کے لیے پُرعزم ہے۔

ان کا مزید کہنا ہے کہ ہر پاکستانی کو مذہب، ذات، رنگ یا نسل کی تفریق کے بغیر زندگی گزارنے کا حق حاصل ہے، ہر پاکستانی کو اپنے عقیدے کے مطابق زندگی گزارنے کا حق حاصل ہے۔

آصف علی زرداری نے یہ بھی کہا ہے کہ پاکستان اقلیتوں کے حقوق کے تحفظ اور انہیں آگے بڑھنے کے لیے مساوی مواقع دے گا، یقین ہے کہ پاکستان کی اقلیتیں ملک کی ترقی کے لیے اپنا مثبت کردار ادا کرتی رہیں گی۔

قومی خبریں سے مزید