وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ اقلیتوں کے تحفظ کےلیے وفاقی و صوبائی حکومتیں کوئی کمی نہیں کریں گی۔
لاہور میں اقلیتوں کے قومی دن کی مناسبت سے منعقدہ تقریب سے خطاب میں وزیراعظم نے کہا کہ یہاں سب کو مساوی آئینی حقوق ملیں گے۔
انہوں نے کہا کہ اقلیتوں کے تحفظ کےلیے وفاقی و صوبائی حکومتیں کوئی کمی نہیں کریں گی، نواز شریف نے اقلیتوں کے حقوق کےلیے ہمیشہ آواز اٹھائی ہے۔
شہباز شریف نے مزید کہا کہ آج کے دن قائداعظم نے ایک تاریخی خطاب کیا تھا، بانی پاکستان نے کہا تھا کہ یہاں سب کو مساوی آئینی حقوق ملیں گے۔
ان کا کہنا تھا کہ جنگ ہو یا امن، اقلیتوں نے ہمیشہ ملک و قوم کا ساتھ دیا، ان کی ملک کےلیے بےمثال خدمات ہیں۔
وزیراعظم نے یہ بھی کہا کہ میں آج یقین دلاتا ہوں کہ اقلیتوں کے حقوق کےلیے کوششیں جاری رکھیں گے۔
انہوں نے کہا کہ آج لیفٹیننٹ عزیر محمود ملک نے وطن کےلیے جان کا نذرانہ پیش کیا ہے، اس دھرتی کےلیے قوم کے بیٹوں اور بیٹیوں کی عظیم قربانیاں ہیں۔
شہباز شریف کا کہنا تھا کہ غزہ میں جو ظلم ڈھایا جارہا ہے اس کی وجہ سے آزادی کی خوشیاں ماند پڑگئی ہیں۔
انہوں نے کہا کہ اسرائیلی وزیراعظم نیتن یاہو اپنی فوج سے مل کر غزہ میں مسلمانوں کا قتل عام کر رہا ہے۔ دنیا اہل فلسطین کی نسل کشی کا تماشہ دیکھ رہی ہے۔
انکا کہنا تھا کہ بین الاقوامی فورمز سے منظور قراردادوں کو اسرائیل رتی برابر اہمیت نہیں دیتا۔