• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

شہزاد رائے نے سماجی کام کرنے کا مقصد بتا دیا

گلوکار و سماجی کارکن شہزاد رائے ـــ فائل فوٹو
گلوکار و سماجی کارکن شہزاد رائے ـــ فائل فوٹو

پاکستان میوزک انڈسٹری کے معروف گلوکار و سماجی کارکن شہزاد رائے کا کہنا ہے کہ وہ انسانیت کی خدمت ثواب کمانے کی نیت سے نہیں کرتے۔

شہزاد رائے نے حال ہی میں ایک ویب شو میں بطور مہمان شرکت کی جہاں اُنہوں نے اپنے سماجی کاموں کے بارے میں تفصیل سے بات کی۔

اُنہوں نے کہا کہ میں نے پاکستان میں ابھی تک اسکول، کالجز یا اسپتالوں کے لیے جو بھی خدمات سر انجام دی ہیں وہ سب ثواب حاصل کرنے کے لیے نہیں کیا۔

گلوکار نے کہا کہ میری والدہ ثواب کی نیت سے کافی خیراتی کام کرتی ہیں جیسے کہ مستحق لوگوں کی مالی مدد کرنا، لوگوں کو کھانا کھلانا یا کسی غریب کی شادی کروا دینا وغیرہ۔

اُنہوں نے کہا کہ میں سماجی کام معاشرے میں اصطلاحات لانے کے لیے کرتا ہوں کیونکہ اگر ہم تعلیم اور میڈیکل کے شعبے کی خدمت کو بھی خیراتی کام کہنا شروع کردیں گے تو یہ شعبے تباہ ہوجائیں گے۔

شہزاد رائے نے مزید کہا کہ میں چاہتا ہوں کہ میں تعلیم کے میدان میں سب کے لیے یکساں مواقع لاؤں، امیر اور غریب کے بچے میں کوئی فرق نہ ہو۔

واضح رہے کہ شہزاد رائے نے صرف پاکستان میوزک انڈسٹری کے لیے ہی اپنی خدمات سر انجام نہیں دیں بلکہ وہ پچھلے کئی سالوں سے اپنی ایک ٹرسٹ بھی چلا رہے ہیں جس کا نام ’زندگی‘ ہے۔

ان کی ’زندگی‘ نے پاکستان میں تعلیم کے شعبے میں بہت کام کیا ہے اور ان کاوشوں کی بدولت حکومت پاکستان نے اُنہیں اعلیٰ ترین سول ایوارڈز سمیت دیگر کئی اعزازات سے بھی نوازا ہے۔

انٹرٹینمنٹ سے مزید