پاکستان کے معروف ڈراما نگار خلیل الرحمٰن قمر نے ماضی میں صبا قمر سے متعلق دیے گئے بیان کو اپنی غلطی قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ مجھے ایسا نہیں کہنا چاہیے تھا، یہ ان کا اور اللّٰہ کا معاملہ تھا۔
حال ہی میں خلیل الرحمٰن قمر نے نجی ٹی وی چینل کو انٹرویو دیا جس میں انہوں نے اپنے اغوا کے واقعے سمیت دیگر معاملات پر کُھل کر گفتگو کی اور ساتھ ہی ملک چھوڑ کر جانے کا عندیہ بھی دے دیا۔
انہوں نے اداکارہ ماہرہ خان اور صبا قمر سے متعلق سوال کا جواب دیتے ہوئے کہا کہ میرا خیال ہے کہ ماضی میں جو میں نے صبا قمر کے بارے میں کہا وہ مجھے نہیں کہنا چاہیے تھا۔ میری غلطی ہے، شاید میری ان سے توقعات بہت زیادہ تھیں کیونکہ انہوں نے میرا ایک بہترین ڈراما کیا تھا۔
انہوں نے کہا کہ صبا قمر ہمارے ملک کی بہترین اداکارہ ہیں مجھے ان کے بارے میں ایسا نہیں کہنا چاہیے تھا، وہ ان کے اور اللّٰہ کے درمیان کا معاملہ ہے۔
اس کے ساتھ ہی انہوں نے یہ بھی کہا کہ ماہرہ خان کے بیان پر اب بھی 200 فیصد قائم ہوں ان کے ساتھ ایک فلم کر رہا ہوں بس اتنا ہی کافی ہے۔
خلیل الرحمٰن قمر نے میزبان کے ایک اور سوال کا جواب دیتے ہوئے عندیہ دیا کہ وہ حالیہ واقعے کے بعد ملک چھوڑنے کا سوچ رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ آج تک کبھی اس مٹی اور زمین سے نفرت نہیں ہوئی، اس سے قبل میں نے کبھی بھی اپنی جائے پیدائش چھوڑنے سے متعلق نہیں سوچا تھا۔
خیال رہے کہ ماضی میں خلیل الرحمٰن قمر نے اداکارہ صبا قمر کے لباس پر تنقید کرتے ہوئے کہا تھا کہ میں صبا قمر کو دوبارہ اپنے کسی ڈرامے میں کاسٹ نہیں کروں گا کیونکہ وہ جس طرح کے کپڑے پہنتی ہیں وہ مجھے پسند نہیں آتے، حالانکہ وہ ایک عمدہ اداکارہ ہیں۔
یاد رہے کہ اس سے قبل 2020 میں خلیل الرحمٰن قمر نے ماروی سرمد کے خلاف نامناسب زبان کا استعمال کی تھی، جس پر ماہر خان نے ڈرامہ نگار کو آڑے ہاتھوں لیتے ہوئے ماروی سرمد کے خلاف ان کے الفاظ پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے ٹویٹ کی تھی، جس پر خلیل الرحمٰن قمر نے اداکارہ کے ساتھ کام کرنے سے انکار کر دیا تھا۔