• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پاکستانی آموں کی دھوم، جشن آزادی پاکستان پر گوگل کا نیا ڈوڈل توجہ کا مرکز

—اسکرین گریب
—اسکرین گریب

ہر خاص موقع پر اپنا ڈوڈل تبدیل کرنے والے دنیا کے سب سے بڑے سرچ انجن گوگل نے پاکستان کے 77 ویں جشنِ آزادی پر بھی اپنا ڈوڈل تبدیل کر دیا ہے۔

گوگل نے اپنی روایت برقرار رکھتے ہوئے ہر سال کی طرح اس سال بھی 14 اگست، یومِ آزادیٔ پاکستان پر اپنا منفرد ڈوڈل پیش کیا ہے۔

رواں سال گوگل نے جشنِ آزادیٔ پاکستان کو پاکستان کے ذائقے دار پھل آم کے نام کر دیا ہے، اس بار گوگل ڈوڈل میں جہاں خوش رنگ نمایاں ہیں وہیں قومی پرچم کے علاوہ پھلوں کا بادشاہ بھی توجہ کا مرکز بن رہا ہے۔

واضح رہے کہ گوگل اس سے قبل بھی پاکستان کے قومی دنوں پر مختلف طرح کے خوبصورت اور منفرد ڈوڈل تبدیل کرتا رہا ہے۔

گزشتہ برس گوگل نے اپنے ڈوڈل میں معدومیت کے خطرے سے دو چار دریائے سندھ کی دانتوں والی ’ڈولفن‘ کو ڈیزائن کیا تھا۔

خیال رہے کہ آج جشنِ آزادیٔ پاکستان ملی جوش و جذبے کے ساتھ منایا جا رہا ہے اور ملک کے ساتھ دنیا بھر میں موجود پاکستانی جذبۂ حب الوطنی کا اظہار کرنے کے لیے مختلف انداز سے یومِ آزادی کو بھرپور طریقے سے منا رہے ہیں۔

اس دن خاص طور پر نوجوان اور بچے سبز رنگ کا لباس پہنے، قومی پرچم تھامے اور سینے پر سبز ہلالی پرچم کے بیجز لگا کر مختلف پروگراموں اور ریلیوں میں بڑی تعداد میں شریک ہو رہے ہیں۔

چھوٹے بڑے شہروں، قصبوں اور دیہاتوں کی گلیوں، سڑکوں اور عمارتوں پر ہر جگہ سبز ہلالی پرچم کی بہار دکھائی اور ملی نغمے سنائی دے رہے ہیں۔

شہریوں نے اپنے گھروں کی عمارتوں پر جھنڈے لہرا رکھے ہیں۔

خاص رپورٹ سے مزید