• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

برسلز: کشمیریوں کا بھارتی سفارتخانے کے سامنے احتجاجی مظاہرہ

دنیا بھر میں کشمیری آج (15 اگست) بھارت کے یوم آزادی کو ’یوم سیاہ‘ کے طور پر منا رہے ہیں، اس موقع پر یورپی ہیڈ کوارٹرز برسلز میں بھارتی سفارتخانے کے سامنے ایک بھرپور احتجاجی مظاہرہ کیا گیا۔

مظاہرے کا اہتمام کشمیر کونسل یورپ (ای یو) نے کیا تھا جس میں بڑی تعداد میں بیلجیئم سمیت یورپ میں مقیم کشمیریوں اور انکے ہمدردوں اور مختلف سماجی تنظیموں کے نمائندوں اور عہدیداروں نے شرکت کی۔

یاد رہے کہ آزاد کشمیر اور مقبوضہ کشمیر میں موجود کشمیری باشندے اور دنیا کے دوسرے خطوں میں رہنے والے ان کے ہم وطن ہر سال 15 اگست کو بھارت کے یوم آزادی پر یوم سیاہ مناتے ہیں۔

برسلز میں آج کے مظاہرے کے دوران شرکاء نے پلے کارڈز اور بینرز اٹھا رکھے تھے جن پر مقبوضہ جموں و کشمیر کے بڑے حصے پر ناجائز بھارتی قبضے کے خلاف نعرے درج تھے۔ مظاہرین نے بھارتی مظالم کے خلاف اور مقبوضہ کشمیر کے مظلوم عوام کی حمایت میں نعرے لگائے۔

مظاہرے میں جن اہم شخصیات نے شرکت کی ان میں چوہدری خالد محمود جوشی، ملک محمد اجمل، شیراز بٹ، سردار صدیق، حاجی پرویز، مرزا شبیر، راجہ خالد، زاہد بھدر، سلیم میمن، شازیہ اسلم، سید زاہد شاہ، ظہیر زاہد، راجہ مجاہد اور مہر ندیم قابل ذکر ہیں۔

اس موقع پر کشمیر کونسل ای یو کے چیئرمین علی رضا سید نے کہا کہ بھارت نے کشمیریوں پر مظالم کی انتہا کردی۔ گذشتہ چند سالوں سے مقبوضہ کشمیر کے عوام کے خلاف بھارتی ریاستی دہشت گردی میں اضافہ ہوا اور اسی وجہ سے مظلوم کشمیری گونا گوں مشکلات کا شکار ہیں۔ اہم سیاسی رہنماء اور انسانی حقوق کے کارکن نظربند اور گرفتار ہیں۔ بھارت کشمیریوں کی وسیع پیمانے پر نسل کشی کر رہا ہے اور بھارت مقبوضہ وادی میں آبادی کا تناسب تبدیل کرکے کشمیریوں کی شناخت ختم کرنے کے درپے ہے۔

انہوں نے کہا کہ ہم بھارتی مظالم کے خلاف اور جموں و کشمیر کی آزادی کے لیے اپنی پُرامن جدوجہد جاری رکھیں گے۔ بھارت کشمیریوں کے خلاف سنگین جرائم میں ملوث ہے اور ہم بھارت کا اصل چہرہ بےنقاب کرنا چاہتے ہیں۔

علی رضا سید کا کہنا تھا کہ ہم اس وقت تک بھارت کے یوم آزادی کو یوم سیاہ کے طور پر مناتے رہیں گے جب تک مقبوضہ جموں و کشمیر کو بھارت سے آزادی مل نہیں جاتی۔

چیئرمین کشمیر کونسل ای یو نے عالمی برادری سے مطالبہ کیا کہ وہ مظلوم کشمیریوں کے خلاف بھارتی مظالم بند کروائے اور مسئلہ کشمیر کے پُرامن اور منصفانہ حل کےلیے اپنا مؤثر کردار ادا کرے۔

بین الاقوامی خبریں سے مزید