• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

10 سال وزیر رہ کر بھی شکیل خان کے پاس ذاتی گاڑی نہیں: جنید اکبر

شکیل خان اور جنید اکبر—فائل فوٹو
شکیل خان اور جنید اکبر—فائل فوٹو

خیبر پختون خوا میں تحریکِ انصاف کے اختلافات پر پی ٹی آئی کے رکنِ قومی اسمبلی جنید اکبر بھی شکیل خان کےحق میں بول پڑے۔

ایک بیان میں جنید اکبر کا کہنا ہے کہ حلفیہ کہتا ہوں کہ شکیل خان انتہائی ایماندار شخص ہیں، 10 سال وزیر رہ کر بھی شکیل خان کے پاس آج بھی ذاتی گاڑی نہیں۔

ان کا کہنا ہے کہ شکیل خان آج بھی اپنے سیکیورٹی گارڈز اور پرسنل سیکریٹری کے مقروض ہیں، وہ چور ہوتے تو بانیٔ پی ٹی آئی کے پاس جا کر چوری کی شکایت نہ کرتے۔

جنید اکبر کا یہ بھی کہنا ہے کہ میں غلط بیانی کروں تو مجھ پر اور میرے بچوں پر اللّٰہ کا عذاب ہو، میں ان افراد میں سے نہیں جو دوستوں کی کرپشن پر پردہ ڈال دوں۔

یاد رہے کہ پی ٹی آئی کو ایک بڑا دھچکا اس وقت لگا تھا جب رواں برس جون میں اس کے رہنما و رکنِ قومی اسمبلی جنید اکبر نے پارٹی کی کور کمیٹی سے استعفیٰ دے دیا تھا۔

واضح رہے کہ خیبر پختون خوا کے وزیر برائے کمیونیکیشن اینڈ ورکس شکیل احمد خان اپنے عہدے سے مستعفی ہو گئے۔

اس حوالے سے شکیل خان کا کہنا تھا کہ انہوں نے وزیرِ اعلیٰ خیبر پختون خوا علی امین گنڈاپور کو اپنا استعفیٰ بھجوا دیا ہے۔

ذرائع نے بتایا کہ صوبائی وزیر شکیل خان نے الزام عائد کیا ہے کہ میں صوبے میں کرپشن اور بیڈ گورننس کے باعث کام نہیں کر پا رہا تھا۔

ادھر وزیرِ اعلیٰ خیبر پختون خوا علی امین گنڈاپور نے اس حوالے سے کہا تھا کہ بانیٔ پی ٹی آئی نے جو کمیٹی بنائی اس کی رپورٹ کل صبح ملی، کمیٹی نے شکیل خان کو کابینہ سے ہٹانے کی سفارش کی تھی۔

دوسری جانب گورنر خیبر پختون خوا فیصل کریم کنڈی نے صوبائی وزیر شکیل خان کو ہٹانے کی سمری پر دستخط کر دیے۔

اس حوالے سے گورنر خیبر پختون خوا فیصل کریم کنڈی نے کہا ہے کہ پی ٹی آئی رہنما شکیل خان نے کرپشن کو بے نقاب کیا، اس لیے ان کو کابینہ سے فارغ کر دیا گیا۔

قومی خبریں سے مزید