تحریکِ انصاف خیبر پختون خوا میں اختلافات کھل کر سامنے آ گئے۔
وزیر سی اینڈ ڈبلیو شکیل خان کو خیبر پختون خوا حکومت کی کابینہ سے ہٹانے پر پی ٹی آئی رہنماعاطف خان برہم ہو گئے۔
عاطف خان نے جاری کیے گئے بیان میں کہا ہے کہ شکیل خان 10 سال کابینہ میں رہے، ان سے زیادہ ایمان دار وزیر نہیں دیکھا۔
ان کا مزید کہنا ہے کہ جیل میں بانیٔ پی ٹی آئی کے پوچھنے پر شکیل نے کابینہ میں کرپشن کی نشاندہی کی تھی۔
عاطف خان کا یہ بھی کہنا ہے کہ شکیل خان کے خلاف سازش کے 2 کرداروں کو وقت آنے پر بے نقاب کریں گے۔
واضح رہے کہ خیبر پختون خوا کے وزیر برائے کمیونیکیشن اینڈ ورکس شکیل احمد خان اپنے عہدے سے مستعفی ہو گئے۔
اس حوالے سے شکیل خان کا کہنا تھا کہ انہوں نے وزیرِ اعلیٰ خیبر پختون خوا علی امین گنڈاپور کو اپنا استعفیٰ بھجوا دیا ہے۔
ذرائع نے بتایا کہ صوبائی وزیر شکیل خان نے الزام عائد کیا ہے کہ میں صوبے میں کرپشن اور بیڈ گورننس کے باعث کام نہیں کر پا رہا تھا۔
ادھر وزیرِ اعلیٰ خیبر پختون خوا علی امین گنڈاپور نے اس حوالے سے کہا تھا کہ بانیٔ پی ٹی آئی نے جو کمیٹی بنائی اس کی رپورٹ کل صبح ملی، کمیٹی نے شکیل خان کو کابینہ سے ہٹانے کی سفارش کی تھی۔
دوسری جانب گورنر خیبر پختون خوا فیصل کریم کنڈی نے صوبائی وزیر شکیل خان کو ہٹانے کی سمری پر دستخط کر دیے۔
اس حوالے سے گورنر خیبر پختون خوا فیصل کریم کنڈی نے کہا ہے کہ پی ٹی آئی رہنما شکیل خان نے کرپشن کو بے نقاب کیا، اس لیے ان کو کابینہ سے فارغ کر دیا گیا۔