• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

مالی سال 24 میں پاکستان کی بڑی صنعت میں 0.92 فیصد کی معمولی نمو

اسلام آباد (اسرار خان) پاکستان کے بڑے پیمانے پر مینوفیکچرنگ سیکٹر (ایل ایس ایم) نے مالی سال 2023-24 میں ٹیکسٹائل، آٹوموبائل، لوہے اور اسٹیل کی مصنوعات، مشروبات اور برقی آلات سمیت بڑی صنعتوں میں بڑے پیمانے پر کمی کے باوجود 0.92 فیصد کی معمولی نمو میں حصہ ڈالا۔ ایل ایس ایم سیکٹر، جو ملک کی مینوفیکچرنگ کے 69.3 فیصد کی نمائندگی کرتا ہے اور جی ڈی پی میں 8.2 فیصد کا حصہ ڈالتا ہے، نے گزشتہ سال کے مقابلے بہتر کارکردگی کا مظاہرہ کیا۔ مالی سال 2022-23 میں اس شعبے کی پیداوار میں 10.26 فیصد کمی واقع ہوئی تھی۔ تاہم گزشتہ سال کے اسی مہینے کے مقابلے جون 2024 میں سیکٹر میں 0.03 فیصد کمی واقع ہوئی جو مسلسل چھ ماہ کی مثبت کارکردگی کے بعد منفی نمو کا پہلا مہینہ ہے۔ جمعہ کو جاری کردہ سرکاری اعداد و شمار کے مطابق ماہ بہ ماہ کی بنیاد پر ایل ایس ایم 4.7 فیصد تک سکڑ گیا۔ سرکاری اعداد و شمار کے مطابق پاکستان میں مینوفیکچرنگ کی سرگرمیاں مالی سال 24 میں بحال ہونا شروع ہوئیں لیکن مارکیٹ کے کمزور جذبات، عالمی سپلائی میں رکاوٹ اور درآمدات پر بھاری انحصار جیسی رکاوٹوں کا سامنا کرنا پڑا۔ یہ شعبہ بڑھتے ہوئے ان پٹ اخراجات، ٹیکسٹائل کی صنعت، حکومتی اخراجات میں کمی، بلند افراط زر، اور بلند پالیسی کی شرحوں سے دوچار ہے۔ انتخابات سے قبل سیاسی اور معاشی بے یقینی نے کم عالمی مانگ کے ساتھ مل کر ترقی کے امکانات کو مزید تنگ کر دیا۔ پاکستان بیورو آف سٹیٹسٹکس (پی بی ایس) نے مختلف ذرائع بشمول آئل کمپنیز ایڈوائزری کمیٹی، وزارت صنعت و پیداوار، اور شماریات کے صوبائی بیورو سے اعداد و شمار کا استعمال کرتے ہوئے نتائج مرتب کیے۔ جولائی 2023 سے جون 2024 تک کئی شعبوں نے پچھلے سال کی اسی مدت کے مقابلے میں پیداوار میں اضافے کی خبر دی، جن میں خوراک، ملبوسات، کوک اور پیٹرولیم مصنوعات، کیمیکل، کھاد، دواسازی، مشینری اور آلات، اور فرنیچر شامل ہیں۔ اس کے برعکس تمباکو، ٹیکسٹائل، کاغذ اور بورڈ، غیر دھاتی معدنی مصنوعات، لوہے اور اسٹیل کی مصنوعات، برقی آلات، آٹوموبائل اور دیگر نقل و حمل کے آلات جیسے شعبوں میں کمی کی اطلاع ملی۔
اہم خبریں سے مزید