کانگو اور منکی پاکس وائرس کے پھیلاؤ کی روک تھام کے لیے کراچی ایئر پورٹ پر بیرون ملک سے آنے والے مسافروں کی طبی جانچ کا عمل جاری ہے۔
فوکل پرسن ایئرپورٹ ڈاکٹر سید ظفر مہدی کے مطابق 24 گھنٹوں کے دوران 22 سے زائد پروازوں کے مسافروں کی اسکریننگ کے ذریعے مکمل طبی جانچ پڑتال کی گئی، کسی بھی مسافر میں منکی پاکس یا اس کے علامات کا کوئی بھی کیس سامنے نہیں آیا۔
ڈاکٹر سید ظفر مہدی کا کہنا ہے کہ محکمۂ صحت سندھ کی جانب سے ایئر پورٹ پر 20 سے زائد ڈاکٹر اور پیرا میڈیکل عملہ اپنے فرائض انجام دے رہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ ایئر پورٹ پر مشتبہ مسافر کی جانچ کے لیے علیحدہ روم بھی بنائے گئے ہیں، بارڈر ہیلتھ اور محکمۂ صحت سندھ کی ٹیمیں 24 گھنٹے اپنے فرائض انجام دے رہے ہیں۔