پاکستان کرکٹ ٹیم کے آل راؤنڈر سلمان علی آغا کا کہنا ہے کہ جب بیٹنگ کرتا ہوں تو خود کو صرف بیٹر اور بولنگ کروں تو بولر سمجھتا ہوں۔
سلمان علی آغا نے کہا کہ پاکستان اور بنگلادیش کے درمیان سیریز میں اچھی کرکٹ دیکھنے کو ملے گی۔ حتمی الیون کیا کھیلے گی، اس کا فیصلہ تو ٹیم مینجمنٹ ہی کرے گی۔
انکا کہنا تھا کہ ٹیم میں جو رول ہوتا ہے اس کے مطابق کھیلنے کی کوشش کرتا ہوں۔
قومی ٹیم کے آل راؤنڈر نے کہا کہ بنگلادیش کی ٹیم سینئر اور جونیئر کھلاڑیوں پر مشتمل ہے، سیریز میں ایک اچھی ٹیسٹ کرکٹ دیکھنے کو ملے گی، ٹیم کا آپس میں بہت اچھا ماحول ہے۔
سلمان علی آغا نے کہا کہ ڈومیسٹک کرکٹ میں ایسی پچز پر ہم کرکٹ کھیلتے ہیں، ہمارے لیے گھاس والی پچز نئی نہیں، ایسی پچ پر تھوڑا زیادہ ایڈجسٹ کرنا پڑے گا۔
آج پاکستان اور بنگلادیش کی ٹیموں کا پنڈی کرکٹ اسٹیڈیم میں پریکٹس سیشن ہوا، دونوں ٹیموں کے کھلاڑیوں نے نیٹ سیشن میں بولنگ اور بیٹنگ کی جم کر ٹریننگ کی۔
دونوں ٹیموں نے دوپہر 2 بجے ٹریننگ سیشن کا آغاز کیا، گزشتہ شام اسلام آباد پہنچنے کے بعد بنگلادیش ٹیسٹ اسکواڈ نے پنڈی کرکٹ اسٹیڈیم میں پہلے پریکٹس سیشن میں حصہ لیا، پاکستانی بیٹرز کو دو مختلف مراحل میں نیٹ سیشن کروایا گیا۔
پہلے مرحلے پر فاسٹ باؤلرز اور دوسرے مرحلے میں اسپنرز کے خلاف بیٹرز نے بیٹنگ کی۔ نیٹس میں محمد رضوان اور بابراعظم نے ایک ساتھ بیٹنگ کی۔
دوسری طرف ہیڈ کیوریٹر ٹونی ہیمنگ کی سربراہی میں راولپنڈی ٹیسٹ کے لیے پچ تیار کرنے کا کام شروع کر دیا گیا ہے۔
ذرائع کے مطابق 21 اگست سے شروع ہونے والے ٹیسٹ کے لیے پچ پر گھاس چھوڑی جائے گی۔
پی سی بی کے مطابق تعمیراتی کام کے باعث 30 اگست کو شیڈول سیریز کا دوسرا ٹیسٹ کراچی سے راولپنڈی ہی منتقل کر دیا گیا ہے۔