کراچی(اسٹاف رپورٹر) ایڈیلیڈ اسٹرائیکرز نے ٹاپ اینڈ ٹی ٹوئنٹی سیریز کے سیمی فائنل میں پاکستان شاہینز کو 30 رنز سے شکست دےکر اس کی پرواز روک دی ۔ جیک ونٹر نے 8 چھکوں اور 6 چوکوں کی مدد سے104 رنز اسکور کیے۔ جیک نے فیصل اکرم کے ایک ہی اوور میں5 چھکے مارے ۔ اتوار کو شاہینز نے ٹاس جیت کر ایڈیلیڈ اسٹرائیکر کو بیٹنگ کی جس نے 5 وکٹ پر 197 رنز اسکور کیے۔ 53 پر تین وکٹ گرنے کے بعد جیک ونٹر اور ہیری میننٹی نے چوتھی وکٹ پر 73 رنز جوڑے ۔ ہیری میننٹی نے 52 رنز بنائے ۔ عباس آفریدی نے تین اور فیصل اکرم نے دو وکٹیں حاصل کیں۔ جواب میں پاکستان شاہینز167 رنز بناکر آؤٹ ہوگئی۔ پانچویں اوور تک اس کی 4 وکٹیں صرف 33 رنز پر گرگئی تھیں۔ کپتان محمد حارث 19، عثمان خان 32 ، مبصرخان 18 اور عباس آفریدی نے 3 چھکوں اور5 چوکوں کی مدد سے 54 رنز اسکور کیے۔ انہوں نے عارف یعقوب کے ساتھ آٹھویں وکٹ کی شراکت میں 60 رنز کا اضافہ کیا ۔ لیئم اسکاٹ نے تین وکٹیں حاصل کیں۔