• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

شوہر نے میری ’ہاں‘ کیلئے 18 برس انتظار کیا: کشمالہ طارق



سابقہ رکنِ قومی اسمبلی کشمالہ طارق کا کہنا ہے کہ انسان کا ایک غلط فیصلہ اس کی زندگی بھر کی سزا نہیں بن سکتا، ہر ایک کو زندگی جینے اور جیون ساتھی منتخب کرنے کا حق ہے، میرے شوہر نے میری ’ہاں‘ کے لیے 18 برس انتظار کیا۔

مختلف سوشل میڈیا پلیٹ فارمز پر کشمالہ طارق کے نجی چینل کو دیے گئے ایک انٹرویو کا ویڈیو کلپ وائرل ہو رہا ہے۔

سوشل میڈیا پر وائرل کلپ میں مزبان نے سابق وفاقی محتسب برائے انسدادِ ہراسیت خواتین سے مختلف سوالات کیے جس کے انہوں نے دلچسپ جوابات دیتے ہوئے گہری باتیں کی۔

میزبان نے سوال کیا کہ زندگی کی سب سے بڑی غلطی کیا ہے جو آج بھی پریشان کرتی ہے؟

جواب دیتے ہوئے کشمالہ طارق نے کہا کہ کئی فیصلے کیے جو غلط ثابت ہوئے لیکن ان سے ہی سبق سیکھا، وہ کہتے ہیں ناں کہ زندگی جینی آئی تو زندگی گزر گئی، بس یہی ہوا ہے کہ زندگی جینے، لوگوں کو پہچاننے کا ڈھنگ آیا تو زندگی گزر گئی۔

دورانِ گفتگو میزبان نے سوال کیا کہ 2 شادیاں کیں، کیا دونوں پسند سے کیں؟

اس سوال پر انہوں نے اعتراف کرتے ہوئے کہا کہ پہلے میری شادی کزن سے ہوئی تھی اور دوسری شادی میں مجھ سے زیادہ میرے شوہر کی پسند شامل ہے، انہوں نے مجھے پسند کیا اور میری ہاں کے لیے 18 برس تک انتظار بھی کیا۔

کشمالہ طارق نے واضح کیا کہ ہمارا افیئر نہیں تھا لیکن میرے شوہر کو مجھ سے کافی لگاؤ تھا، وہ 18 سال تک انتظار کرتے رہے کہ میں ان سے شادی کے لیے راضی ہو جاؤں، بلآخر میں نے ان کی محبت کے آگے ہتھیار ڈال دیے۔

انہوں نے کہا کہ ہر کسی کو شادی کرنی چاہیے، اپنی پسند کا جیون ساتھی منتخب کرنے کا حق ہونا چاہیے، اگر کسی کی پہلی شادی کا تجربہ ناخوش گوار گزرا ہے تو سزا کے طور پر اپنے آپ کو اکیلا نہیں رکھنا چاہیے بلکہ اگر زندگی دوسرا موقع دے رہی ہے تو دوسری شادی کر لینی چاہئے۔

انہوں نے کہا کہ مجھے اداکارہ ثمینہ احمد کو دیکھ کر بہت خوشی ہوتی ہے کہ انہوں نے عمر کے اس حصے میں دوسری شادی کی اور سب کے لیے مثال قائم کی، جب بچے بڑے ہو جاتے ہیں، انسان عمر کے اس حصے میں پہنچ جاتا ہے تو اسے ایک ساتھی کی بہت ضرورت ہوتی ہے۔

کامن ویلتھ ویمن کی سابق چیئر پرسن نے مزید کہا کہ اب لوگوں کے خیالات تبدیل ہو رہے ہیں، ہماری شادی کے بعد کتنے لوگوں نے بالخصوص معروف شخصیات نے بڑی عمر میں دوسری شادی کی جنہیں پہلے ہچکچاہٹ ہوتی تھی، انہوں نے بھی دھوم دھام سے دوسری شادی کی اور کیوں نہ کریں ایک غلط فیصلہ عمر بھر کی سزا نہیں بن سکتا۔

میزبان نے ایک اور سوال کیا کہ شوہر کی کون سی عادت اچھی لگتی ہے؟

میزبان کے اس سوال کا جواب دیتے ہوئے کشمالہ طارق نے بتایا کہ ان کی مستقل مزاجی بہت اچھی لگتی ہے، آخر انہوں نے 18 سال تک میرا انتظار کیا، مایوس نہیں ہوئے بلکہ مجھے راضی کیا۔

خاص رپورٹ سے مزید