بانی پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کی اہلیہ بشریٰ بی بی کے وکیل سلمان صفدر نے کہا ہے کہ سرکار کا حق موجود ہے، وہ آج کے فیصلے کو کہیں بھی چیلنج کرے۔
راولپنڈی کی اڈیالہ جیل کے باہر میڈیا سے گفتگو میں سلمان صفدر نے کہا کہ عدالت نے بشریٰ بی بی کو تمام مقدمات میں بری کیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ انسداد دہشت گردی عدالت (اے ٹی سی) نے بشریٰ بی بی کے خلاف 9 مئی کے 12 مقدمات کی سماعت کی۔
بشری بی بی کے وکیل نے مزید کہا کہ عمران خان کی اہلیہ کو مختلف بیانات کی روشنی میں مقدمات میں نامزد کیا گیا۔
اُن کا کہنا تھا کہ عدالت نے راولپنڈی پولیس کی جسمانی ریمانڈ کی استدعا خارج کی اور استغاثہ کے شواہد کو مسترد کیا۔
سلمان صفدر نے یہ بھی کہا کہ عدالت نے کہا کسی ہمراہی ملزم کے بیان کی کوئی حیثیت نہیں، 9 مئی کو 1 سال 3 ماہ ہوچکے، ابھی تک کیوں خاموشی رہی۔
انہوں نے کہا کہ سائفر میں بانی پی ٹی آئی بری ہوئے، ابھی تک تفصیلی فیصلہ نہیں آیا، سرکار کی طرف سے آج 4 پراسیکیوٹر پیش ہوئے، سرکار کا حق موجود ہے، وہ آج کے فیصلے کو کہیں بھی چیلنج کرے۔