وزیراعظم، فیلڈ مارشل اور وزیر خارجہ کو نوبل امن انعام کے لیے نامزد کرنےکی قرار داد مسلم لیگ ن کے چیف وہپ رانا محمد ارشد نے پنجاب اسمبلی لاہور میں جمع کرا دی۔
قرار داد کے متن کے مطابق یہ ایوان وزیراعظم شہباز شریف، فیلڈ مارشل سید عاصم منیر اور وزیرخارجہ اسحاق ڈار کی مؤثر سفارت کاری کو سراہتا ہے، جس کے نتیجے میں خطے میں امن و استحکام کے فروغ کی راہ ہموار ہوئی۔
قرار داد کے متن میں مزید کہا گیا ہے کہ اسرائیل، امریکا اور ایران کے درمیان جاری کشیدگی شدت اختیار کرچکی تھی، حالیہ کشیدگی عالمی امن کے لیے ایک سنگین خطرہ بن چکی تھی۔
قرار داد کے متن کے مطابق یہ تنازع کسی بھی وقت ایک بڑے عالمی بحران میں تبدیل ہوسکتا تھا۔ وزیراعظم، فیلڈ مارشل اور وزیرخارجہ نے جنگ بندی کی راہ ہموار کرنے میں کلیدی کردار ادا کیا۔
متن کے مطابق ایوان متفقہ طور پر یہ مطالبہ کرتا ہے کہ وزیر اعظم، فیلڈ مارشل اور وزیر خارجہ کو نوبل امن انعام کیلئے نامزد کیا جائے۔