شہری کی زمین ٹرسٹ کی قرار دینے کے خلاف سپریم کورٹ لاہور رجسٹری میں نظرِ ثانی اپیل کی سماعت کے دوران عدالت عظمیٰ نے ریمارکس دیے کہ ریکارڈ کے مطابق زمین قبرستان کی ہے، آپ کو کیسے دے دیں؟
درخواست گزار کے وکیل نے کہا کہ زمین قبرستان کی نہیں، پاکستان بننے سے پہلے سے ہمارے آباؤ اجداد رہ رہے ہیں، دو منٹ دیں،ثابت کردوں گا۔
عدالت عظمیٰ کے جسٹس جمال مندوخیل نے کہا کہ آپ لڑ کیوں رہے ہیں؟ آرام سے بات کریں۔
چیف جسٹس آف پاکستان جسٹس یحییٰ آفریدی نے کہا کہ ہم کیس دوسرے بینچ میں لگا دیتے ہیں، انھوں نے کہا کہ ان کا کیس آئندہ میرے سامنے نہ لگایا جائے۔
درخواست گزار کے وکیل نے درخواست کی آپ مجھ سے عہدے میں بڑے ہیں مگر میں عمر میں آپ سے بڑا ہوں۔
درخواست گزار کے وکیل نے مزید کہا کہ آپ کے سامنے پیش نہیں ہوں گا تو آپ سے سیکھوں گا کیسے؟
بعدازاں عدالت نے نظر ثانی اپیل پر فیصلہ محفوظ کر لیا۔