راستے میں دادا سے بچھڑ کر گم ہوجانے والی 8 سالہ بچی منفرد طریقے سے اے ٹی ایم کے ذریعے اپنے دادا سے ملنے میں کامیاب ہو گئی۔
چین کے صوبے ژی جیانگ سے تعلق رکھنے والی 8 سالہ بچی ڈانسنگ کلاس سے گھر واپسی پر راستے میں اپنے دادا سے بچھڑ کر کھو گئی تھی۔
گھر کا پتہ معلوم نہ ہونے کی وجہ سے پریشان اس بچی کو اپنے قریب موجود ایک اے ٹی ایم بوتھ نظر آیا تو اس میں داخل ہو کر اس نے مشین میں لگے سرخ بٹن کو دبا دیا جس کے بعد اس کا رابطہ بینک کے مانیٹرنگ سینٹر سے ہو گیا۔
بینک کے مانیٹرنگ سینٹر سے رابطہ ہونے پر بچی نے کال کا جواب دینے والے آفیسر کو بتایا کہ وہ گم ہو گئی ہے اور اس کے پاس اپنے دادا یا فیملی کے کسی بھی فرد کا نمبر نہیں ہے۔
آفیسر نے یہ بات سننے کے بعد پولیس سے رابطہ کیا اور بچی سے بات جاری رکھی اور اسے اے ٹی ایم بوتھ میں ہی پولیس کا انتظار کرنے کو کہا۔
کچھ دیر میں پولیس کا عملہ بچی کے پاس پہنچا اور انہوں نے اسے دادا سے ملا دیا جو کافی دیر سے اسے ڈھونڈ رہے تھے۔