اقوام متحدہ میں پاکستان کے مستقل مندوب منیر اکرم نے کہا ہے کہ پائیدار امن کے لیے مقبوضہ جموں و کشمیر اور فلسطین جیسے تنازعات کو حل کیا جائے۔
منیر اکرم نے یہ بات اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل میں امن کے قیام اور فروغ سےمتعلق مباحثہ سے خطاب میں کہی۔
انہوں نے تنازعات کےحل کے لیے علاقائی اور بین الاقوامی حمایت کی ضرورت پر زور دیا اور کہا کہ دہشت گردی اور پرتشدد انتہاپسندی کی جڑوں کو حل کرنے میں ناکامی نے تنازعات کے پھیلاؤ کو جنم دیا۔
ان کا کہنا تھا کہ اس حوالے سے بین الاقوامی حکمت عملی بڑی حد تک ناقص، غیر مؤثر اور غیر تسلی بخش رہی۔
انہوں نے کہا کہ مقبوضہ جموں و کشمیر اور فلسطین میں غیرملکی قبضے کے نتائج واضح ہیں۔
منیر اکرم نے زور دیا کہ سلامتی کونسل کی ذمہ داری ہے کہ اسرائیل کی غزہ میں جاری نسل کشی کی جنگ کو ختم کرے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان کےسرحدی علاقوں میں دہشت گردی کےخلاف جنگ مقامی کمیونٹیز کی حمایت ہے مدد اور شمولیت کی وجہ سے کامیاب ہوئی، امید ہے کونسل میں ہونے والی بحث نئے سوچ کے زاویے پیدا کرے گی۔