وزیرِ اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے کہا ہے کہ جی ایس پی پلس اسٹیٹس کے حصول کے لیے جرمنی کی معاونت کو سراہتے ہیں، پاکستان اور جرمنی کے معاشی تعلقات دن بدن بہتری کی طرف بڑھ رہے ہیں۔
وزیرِ اعلیٰ پنجاب سے جرمن وزیرِ اقتصادی تعاون و ترقی سوینجا شولز کی قیادت میں وفد نے ملاقات کی۔
جرمن سفیر الفرڈ گینتھر گراناس، سینئر پالیسی آفیسر انٹونیا فیلیسیٹاس پیٹرز بھی وفد میں شامل تھے۔
اعلامیے کے مطابق ملاقات میں پاکستان جرمنی اقتصادی اور تجارتی تعلقات کو فروغ دینے پر تبادلۂ خیال کیا گیا۔
اجلاس میں موسمیاتی تبدیلی اور تحفظِ ماحولیات سے متعلق امور پر گفتگو اور تجارت و سرمایہ کاری میں دو طرفہ تعاون کو مزید گہرا کرنے کے عزم کا اعادہ بھی کیا گیا۔
اعلامیے میں بتایا گیا ہے کہ مریم نواز نے جرمنی کی جانب سے سیلاب زدگان کے لیے 91.1 ملین یورو امداد پر اظہار تشکر کیا ہے۔
ملاقات کے دوران کلین انرجی اور کلائمیٹ فرینڈلی پراجیکٹس میں اشتراکِ کار پر اتفاق کیا گیا۔
سوینجا شولز سے ملاقات کے دوران وزیرِ اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے کہا کہ موسمیاتی تبدیلی اور ماحولیاتی آلودگی کا خاتمہ ترجیحات میں شامل ہیں، پہلی مرتبہ ماحولیات کے لیے بجٹ میں 400 فیصد اضافہ کیا ہے، اسموگ اور دیگر ماحولیاتی آلودگی کو ختم کرنے کے لیے ضروری اقدامات کر رہے ہیں۔
اعلامیے کے مطابق مریم نواز نے پائیدار انرجی کے لیے جرمنی کی جانب سے پاکستان کو 24 ملین یورو دینےکو قابل تحسین قرار دیا ہے۔
مریم نواز نے جرمن سفیر کو بتایا کہ ملاقات کے دوران مریم نواز نے مزید کہا کہ ٹیکسٹائل سمیت دیگر شعبوں میں جرمن کمپنیوں کا اشتراک کار قابل تحسین امر ہے، ملک کی ترقی میں خواتین کے معاشی کردار کو بتدریج بڑھانے کے لیے پرعزم ہیں، پلگ اینڈ پلے ٹیکسٹائل یونٹس اورگارمنٹس سٹی سے خواتین کی معاشی خود محتاری بڑھے گی۔
انہوں نے کہا کہ اسکِلڈ خواتین گارمنٹس انڈسٹری میں شاندار روزگار حاصل کر سکیں گی۔
مریم نواز نے کہا ہے کہ قائدِ اعظم بزنس پارک کے ووکیشنل ٹریننگ سینٹر میں خواتین کو ٹریننگ اور اسکالر شپ دیں گے، تمام شعبوں میں خواتین کو بااختیار بنانے کی اہمیت پر بھی زور دے رہے ہیں، تمام انڈسٹریز میں ورکرز سیفٹی اور ان کے معاشی اور سماجی حقوق کا تحفظ یقینی بنایا جا رہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ طلبہ کی غذائی قلت دور کرنے کے لیے اسکول میل پروگرام شروع کر رہے ہیں۔
اعلامیے کے مطابق وزیراعلیٰ پنجاب نے جرمن وزیر کو تعلیم اور صحت کے شعبوں میں ریفارمز سے بھی آگاہ کیا۔
جرمن وزیر سوینجا شولز نے وزیراعلیٰ مریم نواز کا شکریہ ادا کیا اور گارمنٹس سٹی پراجیکٹ کو سراہا۔
جرمن وزیر نے ملاقات کے دوران کہا کہ انڈسٹری اور اسکلڈ لیبر کے پوٹینشل ہونے کی وجہ سے پنجاب قابل ترجیح صوبہ ہے، پارلیمنٹ، سرکاری دفاتر اور دیگر شعبوں میں خواتین کی موجودگی اور شراکت قابل تحسین ہے۔