• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

تعمیرات میں مختلف اقسام کی لکڑیوں کا استعمال

تعمیرات میں مختلف تعمیراتی مواد کا استعمال کیا جاتا ہے جن میں لکڑی کو خاص اہمیت دی جاتی ہے۔ ٹیکنالوجی کے اس دور میں ایک جدید گھر یا عمارت کا تصور لکڑی کے بغیر مکمل نہیں ہوسکتا۔ دور حاضر میں لکڑی سے طویل المنزلہ عمارتیں بھی تیار کی جارہی ہیں۔ سبز تعمیرات میں بھی لکڑی کا استعمال کیا جاتا ہے کیونکہ یہ ماحولیاتی آلودگی میں حصہ نہیں ڈالتی۔

تجزیہ کاروں نے حساب لگایا ہے کہ صرف یورپ میں 80فیصد نئے رہائشی تعمیراتی منصوبوں میں لکڑی کا استعمال 55 ملین ٹن کاربن ڈائی آکسائیڈ (CO2) کو جذب کرے گا۔ یہ یورپ میں تعمیراتی صنعت کی وجہ سے کاربن کے سالانہ اخراج کو مؤثر طریقے سے آدھا کردے گا۔ 

دریں اثنا، سپلائی چین کے مسائل، توانائی کے بڑھتے ہوئے اخراجات، اور مواد کی کمی تعمیراتی صنعت کے لیے لکڑی جیسے زیادہ پائیدار تعمیراتی مواد کی طرف منتقل ہونے کی ضرورت کو اجاگر کرتی ہے۔ 

لکڑی کو تعمیرات میں استعمال کرنے سے قبل اس کی سیزننگ کی جاتی ہے، یعنی لکڑی کو ایک مہینے تک پانی میں رکھا جاتا ہے اور پھر اسے باہر نکال کر خشک کیا جاتا ہے۔ دنیا بھر میں لکڑی کی کئی قسمیں موجود ہیں تاہم بطور تعمیراتی مواد شہتیر ، شاہ بلوط، صنوبر، ساگوان اور چیڑ کی لکڑی کا استعمال زیادہ کیا جاتا ہے، جن سے بنائے گئے گھر اور عمارتیں ا پنی ایک الگ شان اور دلکشی رکھتے ہیں۔ تعمیرات میں استعمال کی جانے والی لکڑی کی اقسام اور خوبیوں پر ایک نظر ڈالتے ہیں۔

سال لکڑی

سال نامی درخت سے نکلنے والی لکڑی کو سال لکڑی (Sal Wood)کہتے ہیں۔ ساگوان کے مقابلے میں یہ زیادہ مہنگی نہیں ہے۔ سال درخت سلینڈر کی شکل میں سیدھے اور زیادہ لمبائی میں اُگتے ہیں، جس کی وجہ سے بڑی مقدار میں لکڑی حاصل ہوتی ہے۔ سال لکڑی کا استعمال اندرون خانہ یعنی دروازوں، کھڑکیوں کے فریموں اور ٹول ہینڈلز وغیرہ کے لئے کیا جاتا ہے۔ اس لکڑی کیلئے دیمک کنٹرول کرنے کی ضرورت ہوتی ہے۔ 

یہ ساگوان سے30سے 40فیصد زیادہ بھاری مگر اس کے مقابلے میں20فیصد نرم ہوتی ہے۔ یہ لکڑی زیادہ لمبائی میں بآسانی دستیاب ہوتی ہے، جوکہ نمی کے خلاف مزاحمت بھی دکھاتی ہے۔ اسے پالش کے بجائے پینٹ کی ضرورت ہوتی ہے۔ سال لکڑی کو براہ راست سورج کی روشنی سےبچانا چاہئے کیونکہ اس سے لکڑی میں دراڑیں پڑسکتی ہیں۔ سال لکڑی کی سطح میں چھوٹی چھوٹی دراڑیں ہوتی ہیں جنہیں پینٹ سے بھر لیا جاتا ہے۔

ساگوان

ساگوان (Teak Wood) ایک سخت لکڑی ہے، جسے چوڑے پتوں والے درخت  ’’ٹیکٹونا گرینڈیز‘‘ سے حاصل کیا جاتا ہے۔ اس میں بہت زیاد ہ مقدار میں تیل پایا جاتا ہے، اس لئے یہ دوسری لکڑیوں کے مقابلے میں بہت پائیدار ہوتی ہے اور عموماً100سال تک قائم رہ سکتی ہے۔

 اس لکڑی کو بھی سیزننگ کی ضرورت ہوتی ہے۔ یہ ہر قسم کے موسمی حالات کو برداشت کرسکتی ہے، بالخصوص بارش کے دوران نمی کے خلاف مزاحمت کرتی ہے۔ اس قسم کی لکڑی بیرونی دروازوں، گارڈن اور لان کے فرنیچر میں زیادہ استعمال کی جاتی ہے۔ 

اس کی قیمت لکڑی کی دیگر اقسام کے مقابلے میں زیادہ ہوتی ہے۔ ایک عمدہ معیار کی ساگوان لکڑی کنکریٹ سے بھی زیادہ طاقت رکھتی ہے۔ اس کو زیادہ دیکھ بھال، پینٹنگ اور پالش کی ضرورت نہیں ہوتی۔

پلائی ووڈ

پلائی ووڈ(Ply Wood) لکڑی کا ایک مضبوط پتلا تختہ ہے، جو لکڑی کی تین یا زائد پرتوں سے بنا ہوتا ہے اور اس کے درمیان دانے ہوتے ہیں۔ پلائی ووڈ قدرتی طور پر پیدا نہیں ہوتی بلکہ اسے انجینئرنگ کے ذریعے تیار کیا جاتا ہے۔ لہٰذا یہ عام لکڑی کے مقابلے میں زیادہ سخت اور دیرپا ہوتی ہے۔

دراصل پلائی ووڈ ہی ایسی لکڑی ہے، جسے ہم اپنی مرضی سے جتنا سخت اور پائیدار بنانا چاہیں بناسکتے ہیں، یعنی زیادہ سے زیادہ پلائیاں یا پرتیں ایک دوسرے پر رکھ کر آپ اسے مضبوط تر بنا سکتے ہیں۔ اس قسم کی لکڑی پارٹیشنز، کارڈ بورڈ اور فرنیچر وغیرہ کے لیے استعمال ہوتی ہے۔ 

پلائی ووڈ کی اقسام میں سافٹ ووڈ، ہارڈ ووڈ، پلین پلائی ووڈ، آرائشی پلائی ووڈ، لچکدار پلائی ووڈ اور میرین پلائی ووڈ شامل ہیں۔ پلائی ووڈ میں انسولیشن کی خاصیت ہوتی ہے کیونکہ یہ بارشوں اور بہت زیادہ نمی کے خلاف مزاحمت کرتی ہے۔ 

یہ تھرمل اور سائونڈ انسولیشن کا کام بھی کرتی ہیں۔ پلائی ووڈ آسانی سے بھاری بوجھ برداشت کرسکتی ہے۔ چونکہ یہ بہت ساری پرتوں سے بنی ہوتی ہے، اس لئے تمام بوجھ ساری پرتوں پر برابر منتقل ہوجاتا ہے۔ چونکہ یہ انجینئرڈ لکڑی ہے، اس لیے اسے کلائنٹ کی تعمیراتی ضروریات کے مطابق کسی بھی مطلوبہ شکل میں ڈھالا جاسکتا ہے۔ تاہم اس میں ایک خامی ہے کہ اگر اس کی پرتوں میں پانی چلاجائے تو یہ پھول جاتی ہے۔ اس لیے پرتوں میں پانی جانے نہیں دینا چاہئے۔

نووا پین پلائی ووڈ

نووا پین(Nova-Pan) پلائی ووڈ، لکڑی کی دوسری اقسام کے لئے ایک بہترین متبادل ہے جو کہ عام طور پر تعمیرات کے لئے استعمال کی جاتی ہے۔ یہ لکڑی ہارڈ ووڈ یا سافٹ ووڈ سے بچ جانے والے مٹیریل (wastage) سے تیار کی جاتی ہے۔ یہ سب سے سستی لکڑی ہے جو مارکیٹ میں دستیاب ہے۔ یہ ایک ماحول دوست مٹیریل ہے، جسے تیار کرنے میں کم توانائی استعمال ہوتی ہے۔

اس کے بورڈ عام طور پر پینلز میں بنائے جاتے ہیں ، جنہیں کسی بھی مطلوبہ شکل میں بنایا جا سکتا ہے۔ اس کو جتنا زیادہ موٹا بنایا جاتاہے ، اتنی ہی زیادہ اس کی قوت میں اضافہ ہوتا ہے۔ 

نووا پین کی لکڑی پر دو رنگوں کا لیبل لگا ہوتا ہے، اگر اس پر سبز رنگ کا لیبل لگا ہوا ہے تو یہ نمی سے بچانے والی ہے اور اگر سرخ ہے تو یہ آگ کے خلاف مزاحمت کرنے والی لکڑی ہے۔ اس قسم کی لکڑی سستا فرنیچر بنانے میں استعمال ہوتی ہے۔ پلائی ووڈ کے مقابلے میں اس کی فنشنگ تو اچھی ہوتی ہے لیکن اس کے مقابلے میں یہ زیادہ طویل مدت کیلئے استعمال نہیں ہوتی۔

ربڑ ووڈ

کم طاقتور ہونے کے باعث اس قسم کی لکڑی تعمیر ات میں استعما ل نہیں کی جاتی، تاہم یہ فرنیچر میں استعمال ہوتی ہے۔ دوسری لکڑیوں کے مقابلے میں ربڑ ووڈ (Rubber Wood) بہت سستی اور بآسانی دستیاب ہوتی ہے۔ تحقیقی مطالعات کے مطابق ربڑ ووڈ شدید الرجی کا سبب بن سکتی ہے۔ اس کے علاوہ پانی لگنے سے اس پر کائی بھی جم سکتی ہے۔