• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

بھارتی ویزا جاری نہ ہونے پر پاکستانی کیوئسٹ بین الاقوامی مقابلے میں شرکت سے محروم

بھارت کی جانب سے ویزا جاری نہ ہونے پر پاکستان کی اسنوکر ٹیم ورلڈ جونیئر اسنوکر چیمپئن شپ میں شرکت سے محروم رہ گئی۔

پاکستانی کھلاڑیوں کو بنگلور میں آج سے ہونے والی آئی بی ایس ایف ورلڈ انڈر 17 اور انڈر 21 اسنوکر چیمپئن شپ میں شرکت کرنا تھی۔

پاکستان اسپورٹس بورڈ (پی ایس بی) اور دیگر متعلقہ اداروں کی جانب سے پاکستانی دستے کو شرکت کی اجازت مل چکی تھی تاہم بھارتی حکام نے پاکستان ٹیم کےلیے کلیئرنس جاری نہیں کی۔

ایونٹ میں پاکستان کے تین کیوئسٹ احسن رمضان، حسنین اختر اور حمزہ الیاس کو شرکت کرنا تھی جبکہ نوید کپاڈیا کو بطور ریفری جانا تھا لیکن ویزے جاری نہ ہونے کی وجہ سے ٹیم بھارت کا سفر نہ کرسکی۔

 پاکستان بلیئرڈز اینڈ اسنوکر ایسوسی ایشن (پی بی ایس اے) نے کھلاڑیوں کےلیے اہم مواقع ضائع ہونے پر گہری مایوسی کا اظہار کیا۔

پی بی ایس اے کا کہنا تھا کہ ایونٹ میں پاکستانی کھلاڑیوں کے میڈلز جیتنے کے امکانات بہت زیادہ تھے، ان کی عدم شرکت انتہائی مایوس کن ہے۔

ترجمان کے مطابق پی بی ایس اے نے بھارت کی بلیئرڈز اینڈ اسنوکر فیڈریشن اور انٹرنیشنل بلیئرڈز اینڈ اسنوکر فیڈریشن کے خلاف باضابطہ احتجاج ریکارڈ کروایا ہے۔

کھیلوں کی خبریں سے مزید