• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پہلے ٹیسٹ کا چوتھا دن ختم، پاکستان کے 23 رنز، بنگلادیش کی برتری ختم کرنے کیلئے مزید 94 رنز درکار

فوٹو بشکریہ کرک انفو
فوٹو بشکریہ کرک انفو

پاکستان اور بنگلادیش کے درمیان پہلے ٹیسٹ میچ کا چوتھا دن ختم ہوگیا۔ قومی ٹیم نے ایک وکٹ پر 23 رنز بنالیے، مہمان ٹیم کا خسارہ ختم کرنے کیلئے مزید 94 رنز درکار ہیں۔

کپتان شان مسعود 9 اور عبداللہ شفیق 12 رنز کے ساتھ پانچویں دن کھیل کا آغاز کریں گے۔

پاکستان کے آؤٹ ہونے والی کھلاڑی صائم ایوب تھے جو ایک رن بنا کر شورف الاسلام کی گیند پر کیچ آؤٹ ہوئے۔  

راولپنڈی ٹیسٹ میں بنگلادیشی ٹیم اپنی پہلی اننگز میں 565 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئی، اسے پاکستان پر 117 رنز کی بھاری برتری حاصل کی۔ 

بنگلادیش نے پنڈی ٹیسٹ کے چوتھے دن بھی پاکستانی بولرز کی ایک نہ چلنے دی اور گزشتہ روز کے ٹوٹل میں مزید 249 رنز جوڑ دیے۔ 

پنڈی ٹیسٹ کے چوتھے روز بنگلادیش نے اپنی پہلی نامکمل اننگز کا آغاز 316 رنز 5 کھلاڑی آؤٹ سے کیا تو مشفق الرحیم 55 اور لٹن داس 52 رنز کے ساتھ وکٹ پر تھے۔

لٹن داس اپنے گزشتہ روز کے اسکور میں صرف 4 رنز کے اضافے کے بعد نسیم شاہ کی گیند پر آؤٹ ہو گئے جبکہ مشفق الرحیم نے ذمے دارانہ بیٹنگ کا سلسلہ جاری رکھا اور ٹیسٹ کرکٹ میں اپنی 11ویں سنچری مکمل کی۔

مشفق الرحیم کا ساتھ دینے کےلیے مہدی حسن میراز آئے اور دونوں کے درمیان ساتویں وکٹ پر 196 رنز کی پارٹنرشپ بنی جس نے پاکستان کی ناصرف سبقت کو ختم کیا بلکہ اپنی ٹیم کےلیے برتری بھی حاصل کرلی۔ 

مشفق الرحیم 191 رنز بنا کر محمد علی کی گیند پر محمد رضوان کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہوئے، جبکہ 77 رنز بنانے والے مہدی حسن کو شاہین آفریدی نے چلتا کیا۔ 

اختتامی بلے بازوں میں سے شورف الاسلام نے 22 رنز بنا کر ٹیم کو 565 کے ٹوٹل تک پہنچا دیا۔ 

پاکستان کی جانب سے نسیم شاہ نے 3 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا جبکہ شاہین آفریدی، خرم شہزاد اور محمد علی نے دو دو جبکہ صائم ایوب نے ایک وکٹ لی۔

بنگلادیش کے دیگر نمایاں کھلاڑیوں میں 93 رنز بنانے والے شادمان اسلام اور 50 رنز بنانے والے مومن الحق بھی شامل ہیں۔

پاکستان نے اپنی پہلی اننگز میں محمد رضوان کے 171 اور شعود شکیل کے 141 رنز کی بدولت 448 رنز بنائے تھے اور گرین کیپس نے اپنی پہلی اننگز 6 کھلاڑیوں کے نقصان پر ڈیکلیئر کر دی تھی۔

کھیلوں کی خبریں سے مزید