• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

کوئٹہ میں اہم اجلاس، پولیس کو جدید سامان سے لیس کرنے کا فیصلہ

فوٹو بشکریہ ریڈیو پاکستان
فوٹو بشکریہ ریڈیو پاکستان

بلوچستان میں پولیس اور لیویز کی پیشہ ورانہ استعدادکار میں اضافہ کرنے اور پولیس کو جدید آلات اور سامان سے لیس کرنے کا فیصلہ کرلیا گیا ہے۔ 

کوئٹہ میں وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی اور وزیراعلیٰ سرفراز بگٹی کی زیر صدارت امن و امان پر اجلاس ہوا۔ 

اجلاس میں ایڈیشنل چیف سیکریٹری داخلہ، آئی جی پولیس، سی ٹی ڈی اور دیگر اداروں کے نمائندے شریک ہوئے۔ 

اجلاس کے حوالے سے جاری اعلامیہ میں کہا گیا کہ بلوچستان میں پائیدار امن کےلیے وفاقی اور صوبائی حکومتوں نے مؤثر حکمت عملی پر اتفاق کیا۔ 

اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ بلوچستان پولیس اور لیویز کی پیشہ وارانہ استعدادکار میں اضافہ کیا جائے گا، بلوچستان پولیس کو جدید آلات اور سامان فراہم کیا جائے گا۔

پولیس افسران کی کمی دور کرنے کےلیے نئے اے ایس پیز بلوچستان میں تعینات کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ 

بلوچستان میں سیکیورٹی صورتحال کی بہتری کےلیے درکار فنڈز کی اپیکس کمیٹی سے منظوری لینے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

اجلاس میں یہ بھی فیصلہ کیا گیا کہ چمن میں پاسپورٹ کے مسائل حل کرنے کے لیے اسٹاف اور سہولیات میں اضافہ کیا جائے گا۔

علاوہ ازیں اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ سوشل میڈیا پر ریاست مخالف پراپیگنڈے کے تدارک کےلیے ایف آئی اے مؤثر کارروائی کرے گی۔

قومی خبریں سے مزید