• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

آپ کے مسائل اور اُن کا حل

سوال: octa اور olymp پے ٹریڈ کرنا کیسا ہے؟

جواب:۔ octafx اور olymp وغیرہ کے ذریعے آن لائن ٹریڈنگ کی جاتی ہے، ان میں ٹریڈنگ کے لیے اکاؤنٹ میں پیسے جمع کر کے اسے آن لائن کرنسی یا الیکٹرانک منی میں تبدیل کر کے کرنسی کی خرید و فروخت کرتے ہیں، اس کے ذریعے پیسے کمانا درج ذیل وجوہات کی بنا ءپر ناجائز ہے:

(1)کرنسی کی بیع شرعاً "بیعِ صرف" ہے، جس میں بدلین پر مجلس میں قبضہ ضروری ہے، جب کہ دونوں جانب سے یا کسی ایک جانب سے اُدھار ناجائز ہے، لہٰذا اسپاٹ ٹریڈ ہو یا فیوچر ٹریڈ، ایسے تمام سودے ناجائز ہیں ، جن میں کرنسی کی خریدوفروخت اُدھار ہوتی ہے، یا نقد ہوتی ہے، مگر عقد کے دونوں فریق یا کوئی ایک فریق اپنے حق پر قبضہ نہیں کرتا۔ حاصل یہ ہے کہ تقابض نہ پائےجانے کی وجہ سے ایسے سودے فاسد ہوں گے اور نفع حلال نہ ہوگا۔

(2) مسلمہ (طے شدہ) اصول ہے کہ بیع شرطِ فاسد سے فاسد ہو جاتی ہے،ان پلیٹ فارم کے ذریعے بڑے پیمانے پر فاریکس ٹریڈنگ ہوتی ہے "فاریکس" کے کاروبار میں شروطِ فاسدہ بھی لگائی جاتی ہیں، مثلاً swaps( بیع بشرط الاقالہ) میں یہ شرط لگانا کہ ایک مقررہ مدت کے بعد بیع کو ختم کیا جائے گا، حال آں کہ بیع تام ہو جانے کےبعد لازم ہوجاتی ہے اور جانبین کا اختیار ختم ہو جاتا ہے۔

(3) نیز Options میں خریدار کو یہ حق دینا کہ وہ اپنی بیع کو سامنے والے فریق کی رضا مندی کے بغیر بھی "اقالہ" کرسکتا ہے۔ یہ بھی شرطِ فاسد ہے، کیوں کہ "اقالہ" میں جانبین کی رضامندی شرط ہوتی ہے۔

(4) اس میں فیوچر سیل بھی ناجائز ہے، کیوں کہ بیع کا فوری ہوناضروری ہے، مستقبل کی تاریخ پر خریدوفروخت ناجائز ہے۔

(5) اس طریقہ کاروبار میں ایک قباحت "بیع قبل القبض" کی بھی ہے، کیوں کہ ستّر ،اسّی فیصد لوگ اس مارکیٹ میں خریداری محض کرنسی ریٹ کےاتار چڑھاؤ کے ذریعے نفع حاصل کرنے کےلیے کرتے ہیں، ان کا مقصد کرنسی حاصل کرنا نہیں ہوتا، لہٰذا اکثر خریدارکرنسی کا قبضہ حاصل نہیں کرتے اور آگے بیچ دیتے ہیں۔