• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

تکبر .. بد ترین گناہ: اللہ تعالیٰ کو ناپسندیدہ عمل

مولانا قاری محمد سلمان عثمانی

’’تکبر‘‘ اللہ تعالیٰ کو بالکل پسند نہیں ہے، متکبر شخص اللہ تعالیٰ کو کسی صورت اچھا نہیں لگتا، اور اللہ تعالیٰ کو متکبر انسان کی کوئی بھی چیز اچھی نہیں لگتی، یہ ایک بری خصلت و عادت ہے۔ تکبر کی حقیقت یہ ہے کہ انسان خود کو دوسروں سے اعلیٰ و ارفع سمجھے اگلے شخص کو تحقیر کی نگاہ سے دیکھے، مال، دولت، حسن جائیداد پر گھمنڈ سے تکبر پیدا ہوتا ہے، جس کی انتہائی سخت وعیدیں آئی ہیں۔ تکبر کرنے والے شخص کو اللہ جل شانہ پسند نہیں کرتا، حضور نبی کریم ﷺ نے ارشاد فرمایا: مولا میں تکبر کی ہوا سے تیری پناہ چاہتا ہوں۔

حضور نبی کریم ﷺ سے عرض کی گئی یارسول اللہ ﷺ تکبر کیا ہے؟ ’’آپ ﷺ نے فرمایا: تکبر یہ ہے کہ انسان اللہ تعالیٰ کے لیے اپنی گردن کو نہ جھکائے اور لوگوں کو حقارت کی نظر سے دیکھے۔ ارشاد گرامی ہے: اللہ تعالیٰ نے پوچھا اے ابلیس! تجھے کیا ہو گیا کہ سجدہ کرنے والوں کے ساتھ نہیں ہوا؟

ابلیس نے کہا میں سجدہ نہیں کروں گا ایسے بشرکو جس کو تونے پیدا کیا ہے سڑے ہوئے گارے کی کھنکناتی مٹی سے، اللہ تعالیٰ نے فرمایا :پھر تو یہاں سے نکل جا، یقیناً تو مردود ہے اور تجھ پر لعنت ہے قیامت کے دن تک۔ (سورۃالحجر)تکبر ایسا گناہ ہے جو اپنے کرنے والے کو اللہ کی طرف رجوع سے روکتا ہے، چنانچہ اپنے گناہ پر ہمیشگی اختیار کرنے لگتا ہے، یہاں تک کہ ہلاک ہو جاتا ہے، جیسے شیطان نے اپنے تکبر پر اصرار کیا۔

حضرت عبداللہ بن مسعودؓ سے روایت ہے کہ نبی اکرمﷺ نے فرمایا ’’جس کے دل میں ذرہ برابر بھی تکبر ہوگا، وہ جنّت میں داخل نہ ہوگا، اس پر ایک شخص نے عرض کیا: آدمی پسند کرتا ہے کہ لباس بھی اچھا ہو، جوتے بھی عمدہ ہوں، کیا یہ بھی تکبر ہے؟ آپ ﷺ نے فرمایا: اللہ تعالیٰ خود جمیل ہے اسے جمال و نفاست پسند ہے یہ کبر نہیں تکبر تو یہ ہے کہ اتراہٹ کے مارے حق ہی کا انکار کر دے اور لوگوں کو ذلیل سمجھنے لگے‘‘ (صحیح مسلم:147)

حضرت سلمہ بن اکوع ؓ بیان کرتے ہیں کہ رسول اللہﷺ نے فرمایا: ہمیشہ آدمی اپنے آپ کو بڑا سمجھتا رہتا ہے حتیٰ کہ اسے متکبرین میں لکھ دیا جاتا ہے اور اسے متکبرین کا عذاب پہنچتا ہے (سنن ترمذی: 2007)۔

حضرت ابوہریرہؓ بیان کرتے ہیں کہ نبی کریم ﷺ نے فرمایا: ’’دوزخ اور جنّت نے مباحثہ کیا، دوزخ نے کہا: مجھ میں متکبرین اور متجبرین داخل کیے گئے ہیں، جنّت نے کہا: مجھ میں صرف کمزور، عاجز اور متواضع لوگ داخل کیے گئے‘‘۔ (صحیح بخاری: 4850) حضرت ثوبانؓ بیان کرتے ہیں کہ رسول اللہ ﷺ نے فرمایا: ’’وہ شخص جنت میں داخل ہو جائےگا جو اس حال میں مرا کہ وہ تکبر، خیانت اور قرض سے بری تھا‘‘۔ (سنن ترمذی: 1578)

تکبر تمام اچھے اخلاق سے انسان کو روک لیتا ہے۔ تکبر کیوں پیدا ہوتا ہے یا اس کے اسباب کیا ہیں؟ تکبر کے اسباب میں سے اہل علم نے حسد، بغض، کینہ، عجب اور ریا کاتذکرہ کیا ہے۔ جب کوئی شخص مال، علم، حسن وجمال یا مقام ومرتبے میں دوسرے سے حسد محسوس کرتا ہے تو عموماً اس پر تکبر کے ذریعے بڑائی حاصل کرنے کی کوشش کرتا ہے۔

اسی طرح جب کوئی شخص کسی دوسرے سے اپنے دل میں بغض اور کینہ رکھتا ہے تو یہ بھی اس کے تکبر کا سبب بن جاتے ہیں۔ اپنے نفس کے عشق میں مبتلا ہونا یعنی خود پسندی اور عجب بھی تکبر کے اسباب میں سے ایک اہم سبب ہے۔ اسی طرح ریاکاری بھی تکبر کے اسباب میں داخل ہے۔ حضرت عبداللہ بن مسعودؓ فرماتے ہیں کہ وہ شخص جنت میں داخل نہیں ہو گا جس کے دل میں ذرہ برابر بھی تکبر ہو۔(صحیح مسلم)

حضرت ابوہریرہ ؓ فرماتے ہیں کہ نبی کریم ﷺ کا ارشاد ہے کہ اللہ تعالیٰ نے فرمایا: عزت میری ازارہے اور بڑائی میری چادر ہے تو جو شخص میرے ساتھ ان دونوں میں سے کسی ایک میں مزاحمت کرے گا تو میں اسے عذاب دوں گا۔(صحیح مسلم)

حضرت ابوہریرہؓ سے روایت ہے کہ حضور ﷺ نے فرمایا، مفہوم: تین چیزیں ایسی ہیں جو نجات دینے والی ہیں اور تین چیزیں ہلاک کرنے والی ہیں۔ نجات دینے والی چیزیں یہ ہیں: ہر حال میں اللہ تعالیٰ سے ڈرنا خواہ اکیلے ہوں یا لوگوں کے ساتھ۔ ہر حال یعنی خوشی اور غمی میں حق اور سچ بات کہنا۔ ہر حال میں میانہ روی اختیار کرنا خواہ مال و دولت زیادہ ہو یا کم ہو۔ اسی طرح ہلاک کرنے والی چیزیں یہ ہیں، نفسانی خواہشات کی پیروی کرنا، لالچ اور طمع کے پیچھے لگنا اور خود پسندی میں مبتلا ہونا۔ یہ آخری چیز پہلی دو کے مقابلے میں زیادہ ہلاک کرنے والی ہے اور اسی کو عجب کہا جاتا ہے۔ (شعب الایمان للبیہقی)

حضرت ابو ہریرہ ؓ سے روایت ہے کہ رسول اللہ ﷺنے ارشاد فرمایا: جو تکبر کی وجہ سے اپنا تہبند لٹکائے گا تو قیامت کے دن اللہ تعالیٰ اس کی طرف رحمت کی نظر نہ فرمائے گا۔(بخاری شریف) اللہ تعالیٰ سے دعا ہے کہ ہم سب کی تکبر جیسے مہلک و موذی مرض سے حفاظت فرمائے، اور تواضع و انکساری جیسی عادات و محبت و پیار کے ساتھ رہنے کی توفیق نصیب فرمائے ۔(آمین )

اقراء سے مزید