تفہیم المسائل
سوال: کیا موبائل فون پر کسی شخص کی نجی گفتگو ریکارڈ کرکے اس کی اجازت کے بغیر گروپ میں پھیلانا شرعاً جائز ہے، جس سے مذکورہ شخص کی عزت یا ساکھ کو نقصان پہنچے ،(دانش یوسف زئی، کراچی)
جواب: فون پر کی جانے والی نجی گفتگو امانت ہے، اجازت کے بغیر اُسے ریکارڈ کرنا اور دوسروں کے سامنے ظاہر کرنا خیانت کے زمرے میں آتا ہے، رسول اللہ ﷺ نے فرمایا: ترجمہ:’’ جب کوئی شخص کوئی بات کرے، پھر اِدھر اُدھر مڑ مڑ کر دیکھے تو وہ امانت ہے (اسے افشاء نہیں کرنا چاہیے)،(سُنن ترمذی:1959)‘‘۔
حکمت و اخلاق اور شرعی دلائل کا تقاضا یہی ہے کہ مجلسِ مشاورت میں ہونے والی گفتگو راز اور امانت ہوتی ہے، اُس کی حفاظت کرنا اصحابِ مجلس پر لازم ہے، سوائے اس کے کہ اُس کو راز رکھنے سے کسی کی جان و مال اور آبروریزی کا اندیشہ ہو تو ایسے راز کو راز رکھنا حرام ہے، حدیث پاک میں ہے: ترجمہ:’’ حضرت جابر بن عبداللہ ؓ بیان کرتے ہیں: رسول اللہ ﷺ نے فرمایا: مجلسیں امانت داری کے ساتھ ہیں (یعنی ایک مجلس کی بات دوسری جگہ جا کر بیان نہیں کرنی چاہیے)
سوائے تین مجلسوں کے، ایک یہ کہ جس میں ناحق خون بہانے کی کوئی منصوبہ بندی کی جائے، دوسری یہ کہ جس میں بدکاری کا کوئی ارادہ کیا جائے اور تیسری یہ کہ جس میں ناحق کسی کا مال لوٹنے کا ارادہ ظاہر کیا جائے ،(سُنن ابو داؤد: 4869)‘‘۔
اگر ایسی مجالس میں کی گئی بات سے متعلقہ شخص کو حکمت یا رازداری سے باخبر کردیا جائے کہ وہ اپنے تحفظ کا انتظام کرسکے اور بتانے والے کو اپنی جان ومال کی بابت خطرہ لاحق ہونے کا اندیشہ نہ ہو تو وہ محتاط ومناسب طریقے سے اس کا افشاء کرسکتا ہے ۔
علّامہ حسین بن محمود بن حسن شیرازی حنفی المشہور بالمظہری مُتوفّٰی727ھ اس حدیث کی شرح میں لکھتے ہیں : ترجمہ:’’’’اَلْمَجَالِسُ بِالأَمَانَۃِ‘‘کا مطلب یہ ہے کہ: مجلس کے حاضرین پر لازم ہے کہ وہ اہل مجلس کے راز کی حفاظت کریں اور مجلس میں ہونے والی گفتگو کو باہر ظاہر نہ کریں۔ یہ حکم اس وقت لاگو ہوتا ہے جب وہ گفتگو ایسی ہو جس کے اِفشاء کو اس کا قائل پسند نہ کرتا ہو،(اَلمَفَاتِیْح فِی شَرح الْمَصَابیح،جلد5، ص:248) ‘‘ ۔
اگر کسی مجلس میں عمومی نوعیت کی باتیں ہوں، جن کانہ کوئی رازداری سے تعلق ہو، نہ اس کے اِفشاء سے کسی فتنے کا اندیشہ ہو اور نہ قائل نے اسے اِفشاء نہ کرنے کی کوئی تاکید یا خواہش ظاہر کی ہو تو ایسی باتوں کے افشاء میں کوئی حرج نہیں ہے۔
دوسرے کی بات خفیہ طور پر سننے، جاسوسی کرنے اور اسے ریکارڈ کرنے کی شرعاً اور اخلاقاً اجازت نہیں ہے، البتہ اگر کوئی شخص کسی سے موبائل پر دورانِ گفتگو کسی شخص کے مالی یا جانی نقصان یا آبرو ریزی کے حوالے سے گفتگو کرے اور قوی اندیشہ ہو کہ وہ متعلقہ شخص کو نقصان پہنچا سکتا ہے تو نقصان سے بچانے کے لیے متعلقہ شخص کو بتایا جاسکتا ہے کہ آپ کو فلاں سے خطرات لاحق ہیں اور اگر وہ یقین نہ کرے اور واقعتاً نقصان پہنچنے کا اندیشہ ہو تو بوقتِ ضرورت متعلقہ افراد کو وہ ریکارڈنگ سنائی جاسکتی ہے، اسی طرح اگر کسی کا جرم قومی یا اجتماعی سطح کا ہو اور اس کی گفتگو کے اِخفا کی صورت میں اجتماعی نقصان کا اندیشہ ہو تو جن افراد کو خطرات لاحق ہوں، انہیں یا قانون نافذ کرنے والے اداروں کو ریکارڈنگ سنانے کی اجازت ہوگی۔
تاہم ان دونوں مواقع میں بھی دو باتیں ملحوظ رکھنا ضروری ہے:(۱)صرف ان ہی لوگوں کو سنائے جنہیں سنانا ضروری ہو،عام تشہیر نہ کرے۔ (۲)جس کی بات ریکارڈ ہو، اس کی پردہ دری یا تذلیل مقصود نہ ہو۔
کسی کی نجی گفتگو کو گروپ میں پھیلا کر اس کی تذلیل کرنا، اس کی ساکھ یا عزتِ نفس کو نقصان پہنچانا، غیبت اوربہتان کے زمرے میں آتا ہے۔ دینی لحاظ سے کسی مسلمان کی عزت کو پامال کرنا یا اسے رسوا کرنا حرام ہے۔
خلاصہ یہ ہے کہ کسی عام شخص کے لیے شرعاً و اخلاقاً دوسرے کی آواز اس کی اجازت کے بغیر ریکارڈ کرنا درست نہیں ہے اور اگر ناجائز مقصد کے لیے گفتگو ریکارڈ کرتا ہے تو ریکارڈ کرنا اور اس کی تشہیر کرنا ناجائز اور گناہ ہے۔
غرض آج کل موبائل فون پر بعض گفتگو ئیں ’’اَلْمَجَالِسُ بِالأَمَانَۃِ‘‘کے زمرے میں آتی ہیں ،پس احتیاط لازم ہے، اگر کوئی اس کو افشاء کرنا چاہتا ہے تو بہتر ہے کہ صاحبِ قول سے اجازت لے لے، اگر وہ اجازت دے تو ٹھیک ہے، ورنہ اِفشاء نہ کرے۔
تاہم راز کی باتیں ہر کسی سے نہیں کرنا چاہییں، قاضی ابوالحسن علی بن محمد بن حبیب البصری الماوردی مُتوفّٰی 450ھ لکھتے ہیں: ترجمہ:’’حضرت علی کرم اللہ وجہہ نے فرمایا:راز اس وقت تک آپ کا غلام ہے جب تک آپ نے اسے کسی سے بیان نہیں کیا، لیکن جب اسے خود بیان کردیا تو اب آپ اس کے غلام ہوگئے،(أَدبُ الدُّنیَا وَالدِّیْن لِلْمَاوَرْدِی ،ص:266)‘‘۔
بعض لوگ دوسروں کے راز اِفشاء کرنے پر گلہ کرتے ہیں، اس کی بابت ایک دانا کا قول ہے : ’’أَنْتَ أَحَقُّ بِحفظِ سِرّک من أخیک ‘‘یعنی ’’تو اپنے راز کی حفاظت کا خود سب سے زیادہ ذمے دار ہے ‘‘پس تم نے خود اپنے راز کی حفاظت نہیں کی تو دوسرے سے گلہ بے جا ہے۔(واللہ اعلم بالصّواب)