• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

جیل انتظامیہ کی بانیٔ PTI سے سہولتیں واپس لینے کی خبروں کی تردید

---فائل فوٹو
---فائل فوٹو 

راولپنڈی میں واقع اڈیالہ جیل کی انتظامیہ نے بانیٔ پی ٹی آئی سے جیل میں سہولتیں واپس لینے کی خبروں کی تردید کر دی۔

اڈیالہ جیل کے سپرنٹنڈنٹ کے مطابق بانیٔ پی ٹی آئی کو جیل مینول کے مطابق تمام سہولتیں دستیاب ہیں اور بانیٔ پی ٹی آئی کی سیکیورٹی اور صحت کا خاص خیال رکھا جاتا ہے۔

ان کا کہنا ہے کہ بانیٔ پی ٹی آئی کو ایک انگریزی روزنامہ روزانہ دیا جاتا ہے، انہیں ورزش کے لیے مشین اور واک کے لیے جگہ بھی دستیاب ہے۔

جیل کے سپرنٹنڈنٹ کے مطابق بانیٔ پی ٹی آئی اور بشریٰ بی بی کو کھانے کے لیے علیحدہ کچن دیا گیا ہے، ان کی سیکیورٹی کے لیے عملہ ہر وقت موجود رہتا ہے، انہیں پڑھنے کے لیے کتابیں بھی دستیاب ہیں۔

اڈیالہ جیل کے سپرنٹنڈنٹ نے کہا ہے کہ بانیٔ پی ٹی آئی کے سیل میں گٹر کھلا ہونے کی خبروں میں صداقت نہیں، بشریٰ بی بی کے سیل میں چوہوں کی موجودگی کی خبروں میں بھی صداقت نہیں۔

جیل کے سپرنٹنڈنٹ کے مطابق بانیٔ پی ٹی آئی کو ہفتے میں 2 دفعہ فیملی، وکلاء اور سیاسی ملاقاتوں کی اجازت ہے، جیل میں سماعت کے موقع پر بھی وہ ملاقاتیں کرتے ہیں، انہیں ٹیلی ویژن کی سہولت بھی دستیاب ہے۔

قومی خبریں سے مزید