• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

سیلابی ریلےمیں پھنسے بچے اگر میرے اپنے ہوتے تو کیا ہوتا یہ سوچا اور بچا لیا: محب اللّٰہ

چھوٹی تصویر میں ایکسکیویٹر ڈرائیور محب اللّٰہ—’جیو نیوز‘ گریب
چھوٹی تصویر میں ایکسکیویٹر ڈرائیور محب اللّٰہ—’جیو نیوز‘ گریب

بلوچستان کے ضلع قلعہ عبداللّٰہ میں سیلابی ریلے میں پھنسی گاڑی میں موجود خاندان کی جان بچانے والے ایکسکیویٹر ڈرائیور محب اللّٰہ کا کہنا ہے کہ سیلابی ریلےمیں گاڑی میں پھنسے بچوں کو دیکھ کر سوچا کہ اگر یہ میرے اپنے بچے ہوتے تو کیا ہوتا اور بچا لیا۔

’جیو نیوز‘ کے مارننگ شو’جیو پاکستان‘ میں گفتگو کرتے ہوئے ایکسکیویٹر ڈرائیورمحب اللّٰہ نے بتایا کہ میں سیلابی ریلہ دیکھنے گیاتھا، جہاں ایک گاڑی گزر رہی تھی کہ اچانک بڑا سیلابی ریلہ آگیا اورگاڑی اس میں پھنس گئی۔

انہوں نے بتایا کہ گاڑی میں بچے اور خواتین سوار تھے، بچوں کو دیکھ کر سوچا کہ اگر یہ میرے اپنے بچے ہوتے تو کیا ہوتا، میں نے ان بچوں کو اپنے بچوں کی طرح دیکھا اور اللّٰہ کی رضا کے لیے ایکسکیویٹر لے آیا۔

محب اللّٰہ نے بتایا کہ اللّٰہ کی مدد سے پوری کوشش کی اور قیمتی جانوں کو بچا لیا، اس موقع پر گاڑی میں سوار شخص نے مجھے رقم دینے کی کوشش کی، مگر میں نے وہ لینے سے انکار کر دیا۔

انہوں نے بتایا کہ میں نے ان سے کہا کہ میں نے جو بھی کیا اللّٰہ کی رضا کے لیے کیا ہے، بچوں کو گاڑی میں دیکھا تو کچھ سمجھ نہیں آیا، بس اللّٰہ کی مہربانی سے یہ کام کیا۔

واضح رہے کہ کچھ روز قبل بلوچستان کے ضلعقلعہ عبداللّٰہ میں سیلابی ریلے میں ایک گاڑی میں موجود خاندان پھنس گیا تھا جن کی جان ایکسکیویٹر ڈرائیور محب اللّٰہ نے جان پر کھیل کر ایکسکیویٹر کی مدد سے بچائی تھی۔

ایکسکیویٹر ڈرائیور محب اللّٰہ کے اس کارنامے پر وزیرِ اعلیٰ بلوچستان اور کور کمانڈر کوئٹہ کی جانب سے انہیں نقد انعامات سے نوازا گیا تھا۔

قومی خبریں سے مزید