• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

جب بات ہو کچن کی خوبصورتی میں اضافے کی تو سفید، سرمئی، نیلا، سرخ، پیلا اور سبز رنگ واقعی چمکتے ہیں۔ ان میں سے ہر رنگ کچن کو کچھ مختلف انداز فراہم کرتے ہوئے اسے کشادہ بھی دکھا سکتا ہے۔ خیال کیا جاتا ہے کہ سرخ جیسے گرم رنگ بھوک کو بڑھاتے ہیں اور کچن کے لیے ایک بہترین آپشن ہیں۔

سرخ رنگ کو دنیا بھر میں خاص اہمیت حاصل ہے۔ مشرقی ثقافتوں میں سرخ رنگ خوش قسمتی اور امارات کے ساتھ منسلک کیا جاتا ہے۔ اکثر لوگ ڈائننگ روم میں سرخ رنگ کا اضافہ بہترین اور خوش قسمت تصور کرتے ہیں ۔ماہرین بھی سرخ رنگ کی اہمیت تسلیم کرتے ہوئے مشورہ دیتے ہیں کہ اگر کسی کو متاثر کرنا ہے تو سرخ رنگ زیب تن کیا جائے۔ 

اگر آپ کسی کو اپنے گھر کی سجاوٹ کے ذریعے متاثر کرنا چاہتے ہیں تب بھی سرخ رنگ کا استعمال بہترین ثابت ہوسکتا ہے۔ کچن چونکہ گھر کا مرکزی گوشہ اور خواتین کے سلیقے کا منہ بولتا ثبوت قراردیا جاتا ہے، اس لیے گھر کی سجاوٹ اور ڈیزائننگ کے دوران سب سے پہلے کچن کی جانب توجہ دیجیے۔ کچن میں سرخ رنگ کا استعمال متاثر کن انداز میں کرنے کے لیے درج ذیل ہدایات اور اسٹائل آپ کے لیے معاون ثابت ہوسکتے ہیں۔

سرخ وال پیپر

انٹیریئر ڈیزائننگ کے لیے وال پیپر کا استعمال بھی ایک مقبول ٹرینڈ ہے۔ اگر آپ کے کچن کی ڈیزائننگ اینٹیک وائٹ طرز کی ہے تو ڈیزائننگ کی دلکشی اور جاذبیت میں مزید اضافے کے لیے سرخ رنگ کے وال پیپر کا انتخاب کیجیے۔ وال پیپر کا انتخاب کیبنٹ وال کے بجائے کاؤنٹر ٹاپ کے دائیں یا بائیں خالی دیوار کے لیے کیجیے۔ یہ دیوار کچن میں داخلے کے ساتھ ہی ہر نگاہ اپنی جانب مبذول کروالے گی۔

سرخ، کالے اور سفید رنگ کا امتزاج 

ایک جدید اور ماڈرن کچن ان تین رنگوں کے خوبصورت امتزاج سے بآسانی بنوایاجاسکتا ہے۔ چونکہ لا ل اور سیاہ رنگ کسی بھی جگہ کو تنگ محسوس کرواسکتا ہے چنانچہ ماہرین اس مشکل کا حل کیبنٹس والے حصے میں لائٹنگ کے ذریعے نکالتے ہیں۔ ان کے مطابق اوپری حصے میں بنے کیبنٹس کے نچلے رخ ہینگنگ لائٹس ایک طرف کچن میں روشنی کا مناسب انتظام کرتی ہیں، وہیں دوسری طرف کچن میں داخل ہونے والے ہر شخص پر آپ کے اعلیٰ ذوق ہونے کا تاثر بھی قائم کرتی ہیں۔ 

رہی بات کچن میں سیاہ ،سفید اور سرخ رنگوں کے امتزاج کی تو مرکزی کیبنٹس کوسرخ اور اوپری حصوں پر بنی کیبنٹس کو سیاہ اور سفید رنگ کے ساتھ تیار کروایا جاسکتا ہے۔ اگر آپ کچن میں سیاہ رنگ کا اضافہ نہیں چاہتے تو سرخ رنگ کی کیبنٹس کے اوپری اور نچلے حصے کے ہمراہ کچن رگس کے لیے بھی سرخ رنگ کا انتخاب کیجیے جبکہ باقی حصوں کیلئے سفید رنگ بہترین رہے گا۔

کیبنٹس

کچن کے لیے سرخ رنگ کے انتخاب کے مرحلے کے دوران اکثر لوگ تشویش میں مبتلا ہوجاتے ہیں۔ ان کے مطابق سرخ رنگ کشادگی کے احساس پر غالب ہوجاتا ہے، اگر آپ کو بھی کچھ ایسا ہی لگتا ہے تو کاؤنٹر ٹاپ کےصرف نچلے حصے میں بنائی جانے والی لکڑی کی کیبنٹس کے لیے سرخ رنگ کا انتخاب کیجیے جبکہ اوپری حصے کی کیبنٹس کے لیے سفید رنگ کے ہمراہ سفید ہی سب وے اسٹائل ٹائلز کا انتخاب کیا جاسکتا ہے۔ اگر سرخ رنگ کے مختلف شیڈز کی طرف جائیں تو ان دنوں کرسپ چیری شیڈ (crisp cherry red)شیڈ ماڈرن اور منفرد لک دینے کے لیے بہترین ہے۔

کاؤنٹر ٹاپ کیلئے سرخ رنگ

کاؤنٹر ٹاپ بھی کچن میں بے حد اہمیت کے حامل ہوتے ہیں۔ اگر آپ کا کچن کشادہ ہے توسرخ اور سفید رنگ کا امتزاج اس کی دلکشی اور جاذبیت بڑھا سکتا ہے۔ کچن کے فرنٹ یا سائیڈ کیبنٹ میں سے کسی ایک کے لیے سرخ رنگ منتخب کیجیے۔ کاؤنٹر ٹاپ کا اوپری حصہ سفید جبکہ نچلا حصہ سرخ رنگ کا ہونا چاہیے۔ آپ چاہیں توکاؤنٹر ٹاپ کے ارد گرد لگی کرسیوں کے رنگ کے لیے بھی سرخ رنگ منتخب کرسکتے ہیں، جس کے بعد آپ کا کچن ماڈرن لک دے گا۔

سرخ رنگ کے کچن اپلائنسز

کچن میں ونٹیج لک دینے کے لیے بھی سرخ رنگ کا استعمال کمال مہارت کے ساتھ کیا جاسکتا ہے۔ اگر آپ سرخ رنگ کے چولہے یا سینٹر وال اوون کا اضافہ کریں تو یہ چولہے ہی کچن کا فوکل پوائنٹ بننے میں کامیاب ہوجائیں گے کیونکہ سرخ رنگ دیگر رنگوں کے مقابلے میں دیکھنے والے کی توجہ حاصل کرنے میں تیزی سے کامیاب ہوجاتا ہے۔ 

کچن کو نیا لک دینے کے لیے اس رنگ کا اضافہ بآسانی کیاجاسکتا ہےمثلاًجس دیوار کے پاس چولہے لگانا مقصود ہوں، اس دیوار کے لیے سرخ رنگ کے ٹائلز کا استعمال کیا جاسکتا ہے۔ ساتھ ہی ہلکے رنگ وروغن والے کچن میں مختلف اپلائنسز مثلا ًجوسر، بلینڈر یا پھر کراکری آئٹم کے لیے بھی سرخ رنگ کا انتخاب کیا جاسکتا ہے۔

دیوار میں سرخ اینٹیں

سرخ اینٹوں پر رنگ و روغن نہ کریں تب بھی ان کی خوبصورتی متاثر نہیں ہوتی بلکہ یہ ایک منفرد تاثر دیتی ہیں۔ اگر آپ اپنے کچن کی تعمیر میں سرخ رنگ کا استعمال کرنا چاہتے ہیں اس کا ایک طریقہ دیواروں کی سرخ اینٹوں سے تعمیر ہے۔ 

اگر آپ تمام دیواروں کو سرخ اینٹوں سے تعمیر نہیں کرنا چاہتے تو مرکزی دیوار اس سے بنوالیں یا پھر دیوار کے کچھ حصے میں سرخ اینٹیں لگوالیں۔ اس طرح دیکھنے والوں کو کچن کی ونٹیج لُک نظر آئے گی۔ تاہم، اگر کسی وجہ سے آپ سرخ اینٹیں نہ لگواسکیں تو دیواروں پر سرخ رنگ بھی کروایا جاسکتا ہے۔ یہ بھی دیکھنے میں نہایت خوبصورت لگے گا۔