• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ترکیہ نے سینئر سفارتکار عرفان نذیر اوغلو کو پاکستان کیلئے سفیر مقرر کردیا

اسلام آباد(صالح ظافر) ترکیہ نے سینئر سفارتکار عرفان نذیراوغلو کو پاکستان کے لیے اپنا سفیر مقرر کیا ہے۔ وہ ڈاکٹر محمد پاچاچی کی جگہ لیں گے جنہیں اسلامی تعاون تنظیم (OIC) کے صدر دفتر جدہ میں اسلامو فوبیا کے خاتمے کے لیے خصوصی نمائندہ بنایا گیا ہے۔ یہ تجویز پاکستان کے نائب وزیر اعظم، وزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار نے دو ماہ قبل گیمبیا میں ہونے والے OIC کے اجلاس میں پیش کی تھی جسے تنظیم نے متفقہ طور پر قبول کر لیا تھا۔ سینیٹر اسحاق ڈار نے ڈاکٹر محمد پاچاچی کو ان کی تقرری پر مبارکباد دی ہے۔ ڈاکٹر محمد پاچاچی ایک ممتاز مسلم سکالر ہیں اور وہ اس ماہ کے آخر میں OIC کے صدر دفتر روانہ ہوں گے۔ ہفتے کو یہاں نیوز کو باخبر سفارتی ذرائع نے بتایا کہ پاکستان نے عرفان نذیراوغلو کے لیے تقرری کی منظوری (رضامندی) دے دی ہے۔ وہ ڈاکٹر محمد کی روانگی کے فوراً بعد اسلام آباد میں اپنی ذمہ داریاں سنبھال لیں گے۔ عرفان نذیروغلو اس وقت انقرہ میں ترک وزارت خارجہ کے ڈائریکٹر جنرل آف سپورٹ سروسز ہیں۔ عرفان نذیراوغلو 20 جنوری 1966 کو ترابزون میں پیدا ہوئے، انہوں نے اپنی یونیورسٹی کی تعلیم مشرق وسطیٰ ٹیکنیکل یونیورسٹی سے شروع کی اور 1991 میں گریجویشن کیا۔
اہم خبریں سے مزید