• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

کشمیری رہنما سید علی گیلانی کی تیسری برسی پر خراج تحسین

کشمیری راہنما سید علی گیلانی --- فائل فوٹو
کشمیری راہنما سید علی گیلانی --- فائل فوٹو

جاپان میں مقیم معروف کشمیری رہنما و کشمیر یکجہتی فورم جاپان کے چیئرمین شاہد مجید ایڈووکیٹ نے کشمیری رہنما سید علی گیلانی کی تیسری برسی پر جموں و کشمیر کے مظلوموں کے حقوق کے لیے ان کی جدوجہد کو خراج تحسین پیش کیا۔

ان کا کہنا ہے کہ سید علی گیلانی عرصہ دراز تک کشمیری قوم کی اُمید کا چراغ بنے رہے، ان کی کوششوں سے بے شمار کشمیریوں کو حق خودارادیت کی جدو جہد میں ثابت قدم رہنے کا حوصلہ ملتا رہا، کشمیری عوام کے لیے ان کی انتھک محنت اور قربانیاں ہمارے دل و دماغ میں ہمیشہ نقش رہیں گی۔

روزنامہ جنگ سے ٹوکیو میں خصوصی گفتگو کرتے ہوئے شاہد مجید نے کہا کہ سید علی شاہ گیلانی ایک عظیم کشمیری رہنما تھے اور جموں و کشمیر کے عوام کے حق خودارادیت کے لیے ان کے عزم کو سلام پیش کرتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ عرصہ دراز تک بھارتی افواج کی جانب سے نظر بندی اور قید و بند کی صعوبتوں کے باوجود وہ کشمیریوں کے لیے آواز اٹھاتے رہے، قید و بند میں وہ ’ہم پاکستانی ہیں اور پاکستان ہمارا‘ کے نعرے سے پیچھے نہیں ہٹے، یہی وجہ ہے کہ آج بھی کشمیری عوام کو ان کے بنیادی حق خودارادیت کی جدوجہد سے نہ ہٹایا جا سکا۔

ان کا کہنا ہے کہ سید علی شاہ گیلانی ایک ایسا طاقتور ورثہ ہے جو آج بھی کشمیری عوام کو تحریک دیتا ہے، کشمیری عوام اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قراردادوں کے مطابق مقبوضہ جموں و کشمیر کی آزادی کے حصول کے لیے اپنی جدوجہد جاری رکھیں گے۔

شاہد مجید ایڈووکیٹ نے حکومت پاکستان کی جانب سے کشمیری عوام کی جائز جدوجہد کے لیے اپنی اخلاقی، سفارتی، اور سیاسی حمایت پر شکریہ ادا کیا ہے۔

خاص رپورٹ سے مزید