محکمہ موسمیات نے سمندری طوفان اسنیٰ کےلیے آخری ٹراپیکل سائیکلون الرٹ جاری کردیا، جس کے مطابق سمندری طوفان اسنیٰ کمزور ہوگیا۔
محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ طوفان ڈیپ ڈپریشن کی صورت میں عمان کے ساحلی جزیرے ماثرہ سے 320 کلو میٹر شمال مشرق پر موجود ہے، طوفان اسنیٰ گوادر کے جنوب سے 370 کلو میٹر کے فاصلے پر ہے۔
رات دیر گئے یا کل صبح تک طوفان مزید کمزور ہو کر ڈیپریشن بن سکتا ہے، سمندر میں شدید طغیانی رہ سکتی ہے، کل تک بلوچستان کے ماہی گیر گہرے سمندر میں نہیں جائیں۔
دوسری جانب کل سے مرطوب ہوائیں خلیج بنگال سے ملک کے بالائی حصوں میں داخل ہوں گی، کل سے ایک مغربی لہر کے ملک کے مغربی حصوں پر اثر انداز ہونے کا امکان ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق سندھ کی ساحلی پٹی سمیت صوبے بھر میں سسٹم کے تحت 3 اور 4 ستمبر کو گرج چمک کے ساتھ بارشیں متوقع ہیں۔