اسلام آباد ( آن لائن ) موجودہ چیف جسٹس قاضی فائز عیسیٰ کی ریٹائرمنٹ میں کم عرصہ باقی رہ گیاہے تاہم ابھی تک حکومت نے آئینی تقاضا پورا کرتے ہوئے سینئر ترین جج جسٹس منصور علی شاہ کی بطور چیف جسٹس پاکستان نامزدگی کانوٹیفیکیشن جاری نہیں کیاہے جبکہ دوسری جانب چیف جسٹس آف پاکستان قاضی فائز عیسیٰ نے جوڈیشل کمیشن پاکستان رولز 2024پر غورکیلئے کا جے سی پی کا اجلاس 13ستمبر کو طلب کرلیا۔ جوڈیشل کمیشن پاکستان اعلی عدلیہ میں ججوں کی ترقی پر غور کریگی اور اگر13ستمبر کو ایجنڈا مکمل نہیں ہوا تو اس معاملے پر بحث اگلے دن تک جاری رہ سکتی ہے۔ اجلاس میں سپریم کورٹ کے سینئر ترین جج جسٹس سید منصور علی شاہ، جسٹس منیب اختر، جسٹس یحیی آفریدی، جسٹس امین الدین خان، سپریم کورٹ کے سابق جج جسٹس منظور احمد ملک، وزیر قانون اعظم نذیر تارڑ، اٹارنی جنرل پاکستان (اے جی پی ) منصور عثمان اعوان اور پاکستان بار کونسل ( پی بی سی ) کے نمائندے اختر حسین بھی شرکت کرینگے۔