• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ادویہ کی خوردبرد پروزیراعلیٰ برہم، ایم ایس ڈسٹرکٹ ہسپتال شیخوپورہ معطل

 لاہور(خصوصی نمائندہ) وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہبازشریف نے کہا ہے کہ اربوں روپے کی مالیت سے سرکاری ہسپتالوں میں فراہم کی جانے والی ادویات ہر صورت مریضوں تک پہنچنی چاہئیں۔ قومی وسائل سے فراہم کی جانے والی ادویات کی خردبرد کسی صورت برداشت نہیں جائے گی۔ انفارمیشن ٹیکنالوجی کی مدد سے ادویات کی ہسپتالوں کو فراہمی، سٹور میں سٹاک اور مریضوں کو دیئے جانے کے پورے نظام کو فوری طور پر ڈیجیٹل کیا جائے اور اس ضمن میں ہنگامی بنیادوں پراقدامات کئے جائیں۔ ہیلتھ کئیر سسٹم کی بہتری کیلئے مجھے باتیں نہیں، نتائج چاہئیں۔ وزیراعلیٰ نے ڈسٹرکٹ ہیڈکوارٹر ہسپتال شیخوپورہ میں ادویات کی خردبرد کے واقعہ پر سخت برہمی کا اظہار کرتے ہوئے ذمہ داروں کے خلاف قانون کے تحت بھرپور کارروائی کا حکم دیا ہے۔ وہ گزشتہ روز اعلیٰ سطح کے اجلاس سے خطاب کر رہے تھے جس میں ڈسٹرکٹ ہیڈکوارٹر ہسپتال شیخوپورہ میں ادویات کی خردبرد کے واقعہ کے بارے میں رپورٹ پیش کی گئی۔ وزیراعلیٰ نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ سرکاری ہسپتال کی ادویات میں خردبرد کا واقعہ ناقابل برداشت ہے۔ادویات کی خردبرد کرکے قومی وسائل لوٹنے والے کسی رعایت کے مستحق نہیں۔ قومی وسائل سے ہسپتال میں فراہم کی گئی ادویات کی خردبرد میں ملوث افراد کو قانون کے تحت ایسی سخت سزا ملنی چاہیئے کہ آئندہ کوئی اس قبیح فعل کے بارے میں سوچ بھی نہ سکے۔ انہوں نے کہا کہ ادویات کی خردبرد کا واقعہ ہسپتال کے عملے کی ملی بھگت کے بغیر ممکن نہیں، اس لئے ادویات خردبرد کرنے والے ملزمان کے پورے گروہ کو کیفرکردار تک پہنچایا جائے  ۔  قومی وسائل سے فراہم کی گئی ادویات کی خردبرد کی روک تھام کیلئے نظام کو حرکت میں آنا ہوگا۔ وزیراعلیٰ نے اعزازی ڈسپنسر کی تقرری کا تحریری حکم نامہ جاری کرنے والے اس وقت کے ایم ایس ڈسٹرکٹ ہیڈکوارٹر ہسپتال شیخوپورہ ڈاکٹر کاظمی کے خلاف کارروائی کی ہدایت کرتے ہوئے اسے موجودہ عہدے سے بھی فوری طور پر معطل کرنے کا حکم دیا  ۔ وزیراعلیٰ نے  ادویات کی خردبرد کرنے کے واقعہ کی انکوائری کیلئے چیئرمین وزیراعلیٰ معائنہ ٹیم کی سربراہی میں کمیٹی تشکیل دینے کی ہدایت کی۔ کمیٹی میں پولیس اور محکمہ صحت کے اعلیٰ حکام بھی شامل ہوں گے اور یہ انکوائری کمیٹی 48 گھنٹے میں وزیراعلیٰ کو رپورٹ پیش کرے گی۔ وزیراعلیٰ نے  کہا کہ ڈی سی اوز  ہسپتالوں میں عملے کا فوری طور پر آڈٹ کرایا جائے۔  مشیر صحت خواجہ سلمان رفیق، پارلیمانی سیکرٹری خواجہ عمران نذیر، چیف سیکرٹری، انسپکٹر جنرل پولیس، ایڈیشنل چیف سیکرٹری، سیکرٹری پراسیکیوشن، سیکرٹری سپیشلائزڈ ہیلتھ و میڈیکل ایجوکیشن، سیکرٹری پرائمری اینڈ سیکنڈری ہیلتھ، کمشنر لاہور ڈویژن، آر پی او شیخوپورہ، ڈی جی اینٹی کرپشن اور متعلقہ حکام نے اجلاس میں شرکت کی جبکہ ڈی سی او شیخوپورہ، ڈی پی او شیخوپورہ، قائم مقام ای ڈی او ہیلتھ اور ایم ایس ڈسٹرکٹ ہیڈکوارٹر ہسپتال شیخوپورہ ویڈیو لنک کے ذریعے اجلاس میں شرکت ہوئے۔وزیراعلیٰ پنجاب  شہبازشریف سے گزشتہ روزپاکستان میں کوریا کے سفیرڈاکٹر سوڈونگ گو  نے ملاقات کی۔ملاقات کے دوران باہمی دلچسپی کے امور، پاک کوریا تعلقات کے فروغ، تعلیم،صحت ،سکل ڈویلپمنٹ اور مختلف شعبوں میں تعاون بڑھانے پر تبادلہ خیال کیاگیا۔کوریا کے سفیر نے وزیراعلیٰ کو وزیراعظم نوازشریف کی صحت یابی پر مبارکباد دی۔ نہوں نے کہا کہ آج کا پاکستان پہلے سے زیادہ محفوظ ،پرامن اورمعاشی طورپر مضبوط ہے ۔کوریا کے سفیرڈاکٹر سوڈونگ گونے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ کوریا پاکستان کے ساتھ اپنے تعلقات کو خصوصی اہمیت دیتا ہے ۔ پنجاب حکومت کے ساتھ مختلف شعبوں میں تعاون کو فروغ دیں گے۔دریں اثناء وزیراعلیٰ سے کوریا کے تعمیراتی شعبہ کی  معروف کمپنی ماؤینگ  کے چیئرمین کل ون این  کی قیادت میں وفد نے ملاقات کی ۔وزیر اعلی نے کوریا کی تعمیراتی کمپنی کے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ کوریا کی معروف تعمیراتی کمپنی کا پاکستان ، کڈنی اینڈ لیور ٹرانسپلانٹ انسٹی ٹیوشن کے منصوبے کی تعمیر کے لئے کنسلٹنٹ کے طور پر انتخاب خوش آئند ہے -  دریں اثنا وزیراعلیٰ نے لاہور پارکنگ کمپنی کی کارکردگی پر عدم اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے عوام کو پارکنگ کی مناسب سہولتوں کی فراہمی کا ہدف پورا نہ کرنے پر کمپنی کے چیف ایگزیکٹو آفیسر کو معطل کرنے کا حکم دیا ہے ۔وزیراعلی نے یہ حکم گزشتہ روزویڈیو لنک کے ذریعے لاہور پارکنگ کمپنی کے بورڈ آف ڈائریکٹرز کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔دوسری جانب  وزیراعلیٰ نے چنیوٹ اور خانیوال میں پتنگ بازی کے واقعات کا سخت نوٹس لیتے ہوئے متعلقہ اضلاع کے پولیس حکام اور انتظامیہ سے رپورٹ طلب کرلی ہے۔ وزیراعلیٰ نے ہدایت کی ہے کہ پتنگ بازی پر پابندی کے قانون پر موثر عملدرآمد یقینی بنایا جائے۔  انہوں نےفرانس   میں دہشت گردی کے واقعہ کی شدید الفاظ میں سخت مذمت کی ہے اور واقعہ میں قیمتی انسانی جانوں کے ضیاع پر دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔ وزیراعلیٰ نے   کہا کہ دہشت گرد پوری انسانیت کے کھلے دشمن ہیں۔ پاکستان کے عوام مصیبت کی اس گھڑی میں فرانسیسی عوام کے ساتھ ہیں ۔
تازہ ترین