چیف میٹرولوجسٹ سردار سرفراز کا کہنا ہے کہ مون سون ہواؤں کی شدت میں کافی کمی آ گئی ہے، جس کی وجہ سے کراچی میں آج بارش کا امکان خاصا کم ہے۔
انہوں نے بتایا کہ شام میں شہر کے مضافات سپر ہائی وے، گڈاپ ٹاؤن اور اطراف میں چند مقامات پر بارش ہو سکتی ہے۔
اس سے قبل محکمۂ موسمیات نے آج کراچی، حیدر آباد، نواب شاہ، سکھر، میر پور خاص، تھر پارکر سمیت سندھ کے مختلف حصوں میں بارش کی پیش گوئی کی تھی۔
ادھر اسلام آباد، لاہور، سیالکوٹ، ملتان، موسیٰ خیل، سبی، نصیر آباد، ایبٹ آباد، مانسہرہ، کوہستان اور سوات سمیت چاروں صوبوں میں چند مقامات، کشمیر اور گلگت بلتستان میں بھی کہیں کہیں بارش کا امکان ہے۔
دوسری جانب بلوچستان میں گزشتہ 2 ماہ میں بارشوں کے دوران نقصانات کی تفصیل جاری کر دی گئی۔
پی ڈی ایم اے کے مطابق گزشتہ 2 ماہ میں بارشوں کے باعث مختلف واقعات میں 39 افراد جاں بحق ہوئے، 900 سے زائد مکان مکمل تباہ ہو گئے، 7 پلوں اور 47 کلو میٹر سڑکوں کو نقصان پہنچا۔