• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

سپیکر ایاز صادق کی بیرونس ڈی سوزا سے ملاقات

لندن (پ ر)قومی اسمبلی کے سپیکر سردار ایاز صادق نے لندن میں لارڈز سپیکر بیرونس ڈی سوزا سے ملاقات کی جس میں ایاز صادق نے دونوں ملکوں کی پارلیمنٹس کے مابین تعاون کی موجودہ سطح پر اطمینان کا اظہار کیا اور اس تعاون مزید پارلیمانی تیاریوں کو ایکسچینج وزٹس سیمینارز کانفرنسز کے ذریعے بڑھانے پر زور دیا۔ بیرونس ڈی سوزا کو پاکستان میں بہترین پارلیمانی اقدار سے آگاہ کرتے ہوئے ایاز صادق نے پاکستان کی قومی اسمبلی کی مختلف کمیٹیوں کی کارکردگی کے بارے میں بتایا۔ سپیکر قومی اسمبلی نے اس موقع پر مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فورسز کے ہاتھوں تشدد کی لہر کے معاملے کو بھی اٹھایا اور بھارتی فوج کے ہاتھوں کشمیریوں کے قتل پر گہری تشویش ظاہر کی۔ انہوں نے کہا کہ بیرونس ڈی سوزا اپنا اثرورسوخ استعمال کرتے ہوئے مقبوضہ وادی میں حقوق انسانی کی بہیمانہ خلاف ورزیوں کو رکوانے میں کردار ادا کریں۔ لیبرپارٹی کی ایم پی جوکوکس کے قتل پر تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے سردار ایاز صادق نے زور دیا کہ یورپ سمیت دنیا بھر میں انتہا پسندی سے نمٹنے کی ضرورت ہے۔ بین الاقوامی برادری کو متحد ہوکر اس خطرے سے نمٹنا چاہیئے۔ انہوں نے برطانوی سپیکر کو پاکستان میں سیکورٹی اور معیشت کی بہتر صورت حال سے بھی آگاہ کیا۔ لارڈ سپیکر بیرونس ڈی سوزا نے دونوں ملکوں کی پارلیمان میں کوآپریشن میں اضافے کا خیرمقدم کیا۔ انہوں نے پارلیمنٹ کے نوجوان خصوصاً خواتین ارکان کو پارلیمانی کو آپریشن میں اضافے میں فوکس کرنے پر زور دیا۔ انہوں نے پاکستان میں جمہوریت کے استحکام کے لیے حکومت کے اقدامات کی تعریف کی اور یقین دلایا کہ برطانیہ پاکستان میں جمہوری اداروں کی سپورٹ کرتا رہے گا۔ سپیکر ایاز صادق کے ساتھ برطانیہ میں پاکستانی ہائی کمشنر سید ابن عباس بھی تھے۔
تازہ ترین