• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

وفاق بلوچستان کے معاملے پر سنجیدگی سے کام لے: جمال رئیسانی

جمال رئیسانی ـــ فائل فوٹو
جمال رئیسانی ـــ فائل فوٹو

پاکستان پیپلز پارٹی کے رہنما جمال رئیسانی کا کہنا ہے کہ بلوچستان کی بات حقیقت پر مبنی ہونی چاہیے، یہ بلوچ، پنجابی اور سندھی کی لڑائی نہیں، یہ پاکستان کی لڑائی ہے، وفاق اس پر سنجیدگی سے کام لے۔

جمال رئیسانی نے ایوان میں خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ بلوچستان کے بارے میں کوئی بات نہیں کر رہا، ہم دہشت گردی کے خلاف متحد کیوں نہیں ہو رہے؟ مسنگ پرسن اہم مسئلہ ہے، اب تک ملک میں بہت حکومتیں آئیں، انہوں نے کیا کیا؟

اُنہوں نے کہا کہ اپوزیشن لیڈر سے میں کہوں گا، ہم کیوں بی ایل اے، بی ایل ایف کا نام نہیں لیتے، بلوچستان کی بات کرتے ہیں تو حقیقت پر مبنی بات کریں، یہ بلوچ، پنجابی اور سندھی کی لڑائی نہیں، یہ پاکستان کی لڑائی ہے، وفاق اس پر سنجیدگی سے کام لے، ناراض بلوچ کون ہیں؟ کن سے بات کرنی ہے؟

پی ٹی آئی رانا عاطف نے ایوان میں اپنی رائے کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ مہنگائی اور بجلی کے بل میں کب کمی کی جائے گی؟ پاکستان میں شرح سود خطے میں سب زیادہ ہے۔

اُنہوں نے کہا کہ یوٹیلیٹی اسٹورز کے معاملےپر حکومت کی کیا پالیسی ہے؟ پیسکو منافع بخش ہے اس کی کیوں نجکاری کی جا رہی ہے؟

ایم کیو ایم کے رکن اسمبلی رعنا انصار نے اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ تیزاب سے ایک خاتون کو مار دیا گیا، بچوں اور خواتین کے حقوق کے لیے حکومت کیا کر رہی ہے۔

پیپلز پارٹی کی رکن اسمبلی  سحر کامران نے کہا کہ ہمیں ہاؤس میں صحیح جواب نہیں ملتے، کچھ ممبر پڑھ کر نہیں آتے۔

وفاقی وزیر جام کمال نے ایوان میں اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ  ریلوے کی بہتری کا آغاز ہوچکا تھا مگر کچھ مسائل کی نشاندہی کی گئی،  ریلوے کو ٹرینز کی کمی سمیت بہت سالوں سے متعدد مسائل کا سامنا ہے،  گیلری میں موجود ریلوے افسران سے مزید تفصیل لے کر بتا دیتا ہوں۔

اُنہوں نے بتایا کہ یو اے ای اور سعودی عرب سے بھی سرمایہ کاری معاہدوں پر بات ہو رہی ہے۔

جام کمال نے کہا کہ ہماری ریلوے میں جو سرمایہ کاری ہونی چاہیے تھی نہیں ہوئی۔

لیگی رکن اسمبلی کھیل داس کوہستانی نے ایوان میں اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ سکھر کی پریا کماری تین سال سے اغواء کے بعد لاپتہ ہے، آپ آج رولنگ دیں، آئی جی سندھ سے بھی اس معاملے پر ملے ہیں، آئی جی سندھ نے بتایا ہے کہ پریا کماری زندہ ہے۔

اُنہوں نے کہا کہ پریا کماری کے والدین آج بھی اس کی راہ تکتے ہیں، اسپیکر شہلا رضا صاحبہ، آپ ایک رولنگ دیں مجھے آپ سے بہت امید ہے۔

کھیل داس کوہستانی نے کہا کہ متعلقہ حکّام کو کمیٹی میں بلا کر اب تک کی پیش رفت پوچھیں، پریا کماری 7 سال کی تھی جب اغواء ہوئی تھی۔

ڈاکٹر مہرین رزاق بھٹو نے ایوان میں اظہارِ خیال کرتے ہوئے کہا کہ پمز اسپتال کو کرپشن کا گڑھ بن چُکا ہے، پمز اسپتال میں مریضوں کی صحت سے متعلق ناقص علاج و معالجے کی شکایات عام ہیں، پمز میں غریب، نادار مریضوں کو آپریشن تھیٹر میں سرنج تک جیب سے خریدنے کا کہا جاتا ہے۔

اُنہوں نے کہا کہ پمز اسپتال میں روزانہ کی بنیاد پر او پی ڈی میں سینکڑوں مریض آتے ہیں، مریضوں کی صحت سے متعلق وسائل کو بروئے کار لایا جائے۔

پیپلز پارٹی کی رہنما نے کہا کہ ادویات اور دیگر ایمرجنسی آلات مہیا کرنے کے لیے وسائل کو بروئے کار لایا جائے۔

وزیرِ مذہبی امور چوہدری سالک حسین نے ایوان میں حج کے اخراجا ت کے حوالے سے بات کرتے ہوئے کہا کہ رواں سال حج پر جانے والوں کے اخراجات 1 لاکھ روپے کم تھے، مختلف مدوں میں بچت کی گئی جس کی کیلکولیشن جاری ہے، حاجیوں کو 1 لاکھ روپے فی کس تک مزید واپس کرسکیں گے۔

اُنہوں نے یہ بھی بتایا کہ امید کی جاسکتی ہےکہ معاونین کی تعداد 600 ہے جو امتحان دے کر این ٹی ایس کےذریعے منتخب کیے گئے، ان معاونین کا حج کے موقع پر بہت بڑا رول ہوتا ہے۔

چوہدری سالک حسین نے کہا کہ ہم کوشش کر رہے ہیں کہ وہاں سے لوکل لوگوں کو بھی معاونین میں شامل کریں، پاکستانی وہاں کئی دہائیوں سے رہ رہے ہیں، ان کو معاونین میں شامل کرنے سے زبان کا مسئلہ حل ہو جائے گا۔

بعد ازاں، قومی اسمبلی کا اجلاس کل دن 11 بجے تک ملتوی کر دیا گیا۔

قومی خبریں سے مزید