بانی پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے خلاف 190 ملین پاؤنڈ ریفرنس کی سماعت 7 ستمبر تک ملتوی کردی گئی، احتساب عدالت نے بشریٰ بی بی کی بریت کا فیصلہ ریفرنس کے حتمی فیصلے تک محفوظ کرلیا۔
190 ملین پاؤنڈ ریفرنس میں بشریٰ بی بی کی بریت کا فیصلہ ریفرنس کے حتمی فیصلے کے دن سنایا جائے گا۔
کیس کی سماعت کے دوران بانی پی ٹی آئی اور بشریٰ بی بی کو کمرہ عدالت میں پیش کیا گیا تھا، نیب کے پراسیکیوٹر جنرل سردار مظفر عباسی اور امجد پرویز ٹیم کے ہمراہ پیش ہوئے، جبکہ بانی پی ٹی آئی اور بشریٰ بی بی کے وکلاء ظہیر عباس چوہدری اور عثمان گل بھی عدالت میں پیش ہوئے تھے۔
190 ملین پاؤنڈ ریفرنس کے آخری گواہ تفتیشی افسر پر وکلاء صفائی نے جرح کی، وکلاء صفائی 7 ستمبر کو میاں عمر ندیم پر مزید جرح کریں گے۔
ریفرنس پر سماعت اڈیالہ جیل میں احتساب عدالت کے جج ناصر جاوید رانا نے کی۔