پاکستان میں رواں سال پولیو کا 17واں کیس اسلام آباد سے رپورٹ ہوا ہے۔
محکمۂ صحت کے مطابق اسلام آباد کی یونین کونسل 4 سے ایک بچے میں پولیو وائرس کی تصدیق ہوئی ہے۔
محکمۂ صحت نے بتایا کہ اسلام آباد میں تقریباً 16 سال بعد پولیو کا کیس سامنے آیا ہے، جون میں اسلام آباد اور راولپنڈی کے ماحولیاتی نمونوں میں پولیو وائرس کی موجودگی پائی گئی۔
اس حوالے سے وزیرِاعظم کی فوکل پرسن برائے انسداد پولیو عائشہ رضا فاروق نے کہا کہ بدقسمتی سے ایک اور پاکستانی بچہ پولیو سے متاثر ہوا،حکومت نے پولیو کے پھیلاؤ کو روکنے کے لیے جامع روڈ میپ بنایا ہے۔
اُنہوں نے بتایا کہ 9 ستمبر سے 115 اضلاع میں انسدادِ پولیو مہم شروع ہوگی، انسداد پولیو مہم میں 3 کروڑ بچوں کو ویکسین پلانے کا ہدف ہے۔
کوآرڈینیٹر نیشنل ایمرجنسی آپریشنز سینٹر انوار الحق نے کہا کہ ہم ہر بچے تک پولیو ویکسین پہنچانے کی کوششیں تیز کر رہے ہیں۔