فرانس میں مقیم پاکستانی سفیر عاصم افتخار احمد نے یومِ دفاع کے موقع پر دفاعی افواج اور شہداء کو قربانیوں پر خراجِ تحسین پیش کیا۔
پیرس میں پاکستانی سفارتخانے نے یومِ دفاع و شہداء پاکستان کی یاد میں استقبالیے کا اہتمام کیا۔
تقریب میں اراکینِ پارلیمنٹ، سفیروں، دفاعی اتاشیوں، فرانسیسی مسلح افواج کے معززین، امورِ خارجہ، دفاعی صنعت اور تھنک ٹینک کے نمائندوں نے شرکت کی۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے شرکاء نے کہا کہ 6 ستمبر ہمیں افواجِ پاکستان اور عوام کی مثالی جرأت، بے مثال عزم، بے مثال قربانی کے جذبے اور بہادری کی یاد دلاتا ہے، تمام قومیں اپنے ہیروز اور مجاہدینِ وطن کو خراجِ تحسین پیش کرتی ہیں جو صحیح مقصد کے لیے لڑتے اور اپنے وطن کا دفاع کرتے ہیں۔
شرکاء نے کہا پاکستان کسی بھی ملک کے خلاف کوئی جارحانہ عزائم نہیں رکھتا، لیکن آج ہم کسی بھی سطح اور پیمانے پر غیر ملکی جارحیت کے خلاف موثر انداز میں اپنا دفاع کرنے کے لیے تیار ہیں۔
سفیرِ پاکستان نے خاص طور پر اقوامِ متحدہ کے امن مشن کے تحت علاقائی اور عالمی امن و استحکام کے لیے پاکستان کے کردار کا ذکر کیا اور اس بات پر روشنی ڈالی کہ پاکستان انسداد دہشت گردی میں عالمی برادری کی اجتماعی کوششوں میں بھی کلیدی شراکت دار رہا ہے۔
انہوں نے تنازعات اور عدم استحکام کی بنیادی وجوہات کو حل کرنے کی اہمیت پر زور دیا۔
عاصم افتخار احمد نے کہا کہ اقوام متحدہ کے چارٹر کے مطابق تنازعات کا پیسیفک تصفیہ پاکستان کی خارجہ پالیسی کا سنگِ بنیاد ہے، یہ اقوامِ متحدہ کی سلامتی کونسل کی متعلقہ قراردادوں اور کشمیری عوام کی خواہشات کے مطابق مسئلہ کشمیر کا منصفانہ اور پرامن حل، جنوبی ایشیا میں پائیدار امن و استحکام اور ہمارے خطے کی ترقی کے لیے ناگزیر ہے۔
ان کا کہنا ہے کہ پاکستان عالمی برادری کے ذمے دار ارکان سے توقع کرتا ہے کہ وہ بین الاقوامی قانونی جواز اور اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قراردادوں کے مطابق جموں و کشمیر تنازع کے پرامن حل کو فروغ دینے میں اپنا بھرپور کردار ادا کریں گے۔
سفیرِ پاکستان نے پاک فرانس کثیر جہتی تعلقات بشمول دیرینہ دفاعی تعلقات کے بارے میں بات کرتے ہوئے باہمی فائدے کے لیے اس شراکت داری کو مزید آگے بڑھانے کے لیے عزم کا اعادہ کیا۔
انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ پاکستان عالمی امن، سلامتی اور ترقی کے مشترکہ مقاصد کے حصول کے لیے شراکت داری قائم کرنے اور بین الاقوامی تعاون کو مضبوط بنانے پر یقین رکھتا ہے، پاکستان اس اجتماعی کوشش میں اپنے تمام دوستوں اور شراکت داروں کے ساتھ مل کر کام کرتارہے گا۔
سفیرِ پاکستان نے تقریب کے اختتام پر شریک مہمانوں سے خطاب کرتے ہوئے ان کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ ان کی موجودگی پاکستان کے ساتھ دوستی اور تعاون کے بندھن کی نشاندہی کرتی ہے۔