وزیر اعلیٰ خیبر پختون خوا علی امین گنڈا پور نے یوم دفاع پاکستان کے موقع پر کہا ہے کہ عہد کرتے ہیں پاکستان کو عظیم، مضبوط اور خوشحال بنانے کی جدوجہد جاری رکھیں گے۔
یومِ دفاع پر وزیراعلیٰ خیبرپختون خوا علی امین گنڈاپور نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ 6 ستمبر 1965ء پاکستانی قوم کے لیے تاریخی دن ہے، اس دن مسلح افواج کے جوانوں نے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کیا تھا، پاک فوج نےثابت کیا کہ مادرِ وطن کی حفاظت کے لیے کسی بھی حد تک جا سکتے ہیں۔
علی امین کا کہنا ہے کہ آج کی تاریخ پاکستانی قوم میں مادر وطن کے لیے ایک نیا جذبہ پیدا کرتی ہے، پاکستانی قوم ملک کی حفاظت، ترقی و خوشحالی کے لیے کسی قربانی سے دریغ نہیں کرتی۔
فیصل کریم کنڈی نے یوم دفاع کے موقع پر کہا ہے کہ 6 ستمبر ملکی تاریخ میں قومی سلامتی اور خود مختاری کی علامت ہے، 6 ستمبر کے شہداء اور غازیوں کوسلام پیش کرتے ہیں۔
فیصل کریم کنڈی کا کہنا ہے کہ ملک دشمن عناصر فتنہ الخوارج کی شکل میں امن کو سبوتاژ کرنے کی ناکام کوششیں کر رہے ہیں، پوری قوم اپنی مسلح افواج کے ساتھ دہشت گردوں کے خلاف کھڑی ہے۔