• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ہمیں پرامن احتجاج کا آئینی و جمہوری حق نہیں دیا گیا، بیرسٹر گوہر

چیئرمین پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) بیرسٹر گوہر نے کہا ہے کہ ہمیں پرامن احتجاج کا آئینی و جمہوری حق نہیں دیا گیا۔

اسلام آباد میں عمر ایوب، شبلی فراز اور رؤف حسن کے ہمراہ پریس کانفرنس میں بیرسٹر گوہر نے کہا کہ جمہوریت میں آزادی اظہار رائے سب کا حق ہے۔

انہوں نے کہا کہ جمہوریت میں سب کا حق ہے کہ وہ ووٹ کاسٹ کریں، اگر ووٹ کا تحفظ نہ ہو تو پرامن احتجاج کا بھی حق ہے۔

چیئرمین پی ٹی آئی نے مزید کہا کہ ہمیں احتجاج نہیں کرنے دیا گیا ،ہم اتوار کو اسلام آباد کی تاریخ کا سب سے بڑا جلسہ کریں گے۔ ہمارے پاس این او سی ہے، حکومت نے جلد بازی میں ایک قانون پاس کروایا، یہ آئین کے آرٹیکل 16 کی خلاف ورزی ہے۔

بیرسٹر گوہر نے یہ بھی کہا کہ ہم نے اس بل کے خلاف اسمبلی میں بھی آواز اٹھائی، پوچھتے ہیں کیا پرامن جلسہ کرنے پر 3 سال سزا دی جائے گی؟

انہوں نے کہا کہ اس سب کے باوجود پی ٹی آئی ملک بھر میں جلسے کرے گی، آج سپریم کورٹ کا فیصلہ آیا، یہ ججمنٹ میں ترامیم کے خلاف آئی۔

چیئرمین پی ٹی آئی نے کہا کہ آج کے فیصلے کے بعد بانی پی ٹی آئی پر توشہ خانہ 2 کیس ختم ہوگئے، اب یہ کیس نیب کے دائرہ اختیار سے باہر ہیں، اسی طرح 190 ملین پاؤنڈ کیس میں بھی بانی پی ٹی آئی نے کوئی ذاتی فائدہ حاصل نہیں کیا۔

اُن کا کہنا تھا کہ بانی چیئرمین پی ٹی آئی سے کہا گیا کہ اگر حکومت کی اپیل منظور ہوگئی تو آپ کو فائدہ ہوگا، جس پر انہوں نے کہا مجھے ذاتی فائدہ نہیں قوم کا مفاد عزیز ہے۔

قومی خبریں سے مزید