• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

گھر کا چاہے کسی بھی حصے کی بات کریں، اس میں کھڑکی کی اہمیت مسلمہ ہے۔ اس کے ذریعے ہم گھر کے اندر رہتے ہوئے بھی باہر کی دنیا دیکھ پاتے ہیں جب کہ گھر میں قدرتی ہوا اور قدرتی روشنی لانے کا بھی اہم ذریعہ ہے۔انٹیریئر ڈیزائنرز پوری توجہ سے کھڑکی کا ڈیزائن مرتب کرتے ہیں، قطع نظر اس کے کہ اس کا سائز کیا ہوگا۔ اور جب بات کھڑکی کی جائے تو اس کے کئی ڈیزائن ہوسکتے ہیں، جن میں ’’شٹرونڈو‘‘ بھی شامل ہے۔

’شٹرونڈو‘ گھر کو منفرد انداز فراہم کرتی ہے

اس بات پر توجہ دینے کی زیادہ ضرورت ہوتی ہے کہ کمرے کے کس حصے میں کھڑکی بنائی جائے، اس کا کون سا حصہ باہر کی دنیا سے چھپایا جائے اور باہر کے کس حصے کو اندر سے دیکھا جائے۔ کھڑکیاں سائز میں چھوٹی ہوں یا بڑی، کمرے میں ایک خوشگوار احساس پیدا کرتی ہیں اور اپنے دلکش اسٹائل اور ڈیزائن سے اس کی خوبصورتی میں اضافہ کرتی ہیں۔

گھر کی تعمیر یا تزئینِ نوکے دوران کھڑکیوں کے اچھوتے اسٹائل اور ڈیزائن کا انتخاب اہم معنی رکھتا ہے۔ یہ نہ صرف آپ کے گھر کو ایک منفرد طرز فراہم کرتی ہیں بلکہ گھر میں دھوپ اور ہوا کے گزر کا بھی ذریعہ بنتی ہیں۔ کھڑکیاں ایسی نصب کروانی چاہئیں، جن سے سردی میں ٹھنڈ اور موسم گرما میں تپش اندر نہ آئے۔

کھڑکیوں کے لیے آپ مختلف ڈیزائن اور اسٹائل کا انتخاب کرسکتے ہیں، جن میں سے ایک شٹر ونڈو بھی ہے۔ ایک شٹر ونڈو عام طور پر عمودی اسٹائل اور اُفقی ریلز (اوپر، مرکز اور نیچے) کے فریم پر مشتمل ایک ٹھوس اور مستحکم ڈھانچہ ہوتی ہے۔ ٹھوس پینل، کپڑے، گلاس اور کسی بھی دوسری چیز کو فریم کے اندر نصب کیا جاسکتا ہے۔ شٹر ونڈوکی کئی خصوصیات ہیں، جو اسے دیگر کھڑکیوں سے منفرد بناتی ہیں۔

’شٹرونڈوپرائیویسی فراہم کرتی ہے 

یہ سورج کی روشنی کو بھی کنٹرول کرتی ہیں، ساتھ ہی قدرتی روشنی پر سمجھوتہ کیے بغیر گھر کی پرائیویسی کو کسی بھی قسم کی ناپسندیدہ مداخلت سے بچاتی ہیں۔ یہ خراب موسمی حالات سے تحفظ دینے کی بھی صلاحیت رکھتی ہیں۔

اگر آپ اپنے گھر میں شٹر ونڈو لگوانے میں دلچسپی رکھتے ہیں تو اس مقصد کے لیے آج ہم آپ کے لیے کچھ ایسے تصورات پیش کررہے ہیں، جنھیں پڑھ کر آپ ان سے رہنمائی اور حوصلہ افزائی حاصل کر سکتے ہیں۔

بیڈروم

آپ جاگ رہے ہوں تو آپ کو بیڈروم میں مکمل روشنی کی ضرورت ہوتی ہے اور سوتے وقت اندھیرا چاہیے ہوتا ہے۔ اس بات کا انتظام کرنا مشکل کام ہو سکتا ہے کہ آپ کو جاگتے اور سوتے وقت اپنی مرضی کے مطابق ماحول میسر آئے۔ ایسے میں، آپ کے اس مسئلے کا حل شٹر ونڈو لگوانے کی صورت نکل سکتا ہے۔ آپ اپنے کمرے میں شٹر ونڈو لگا کر ایک ہی بار اس پریشانی سے چھٹکارا حاصل کر سکتے ہیں۔ یہ آپ کے بیڈروم کی خوبصورتی میں بھی اضافے کا باعث بنے گی۔

ڈائننگ روم

گھر کے دیگر حصوں کی طرح آپ اپنے کھانے کے کمرے میں بھی شٹر ونڈو کا استعمال کر سکتے ہیں۔ اس ونڈو کے استعمال سے آپ اپنے گھر والوں کے ساتھ بیٹھ کر جب چاہیں، باہر کے ماحول اور موسم سے لطف اندوز ہو سکتے ہیں۔ کوشش کریں کہ کمرے میں ڈائننگ ٹیبل کو شٹرونڈو کے پاس رکھیں تاکہ آپ تازہ ہوا سے لطف اندوز ہوسکیں۔

دیوان خانہ

عموماً گھروں میں کوشش کی جاتی ہے کہ دیوان خانہ اس طرح کا ہو کہ گھر آنے والے مہمانوں پر اچھاتاثر قائم ہوسکے۔ اس حوالے سے نت نئی سجاوٹ اور آرائش کی جاتی ہے۔ اسی طرح باقی سب چیزوں کے ساتھ اس بات پر بھی توجہ دی جاتی ہے کہ کھڑکیاں اس طرح کی ہوں جو آپ کی ضرورت پر پورا اُتریں یعنی جب آپ چاہیں، ان کو تازہ ہوا لینے کے لیے کھول دیںاور جب چاہیں بند کر دیں۔ ان سب ضروریات کو پورا کرنے میں شٹر ونڈونہایت سودمند رہے گی۔

راہداری

راہداری آپ کے گھر کا وہ حصہ ہے، جسے آپ ایک کمرے سے دوسرے کمرے میں جانے کے لیے استعمال کرتے ہیں۔ راہداری سیڑھیوں کے نیچے بھی ہو سکتی ہے، اس لیے اسے روشن اور ہوادار ہونا چاہیے۔ یہی وجہ ہے کہ انٹیریئر ڈیزائننگ کے ماہرین راہداری میں شٹر ونڈو کے استعمال کا مشورہ دیتے ہیں۔ 

اس سے ناصرف آپ کی راہداری خوبصورت اور روشن ہو سکتی ہے بلکہ گھر کی خوبصورتی میں بھی اضافہ ہوتا ہے۔ صرف یہی نہیں، آپ اس ونڈو کے پاس بیٹھنے کی جگہ کا بھی انتظام کر سکتے ہیں۔

پسندیدہ انتخاب

یہ واحد ایسی کھڑکی ہے، جو آپ کے گھر کی قیمت بڑھانے میں معاون ثابت ہوسکتی ہے کیونکہ جب کبھی آپ کو اپنا گھر بیچنا ہو تو آپ کے گھر میں ایسی منفرد کھڑکیوں کی موجودگی اس کی قیمت بڑھا دیتی ہے۔ شٹرونڈو باورچی خانے میں لگانے کے لیے بھی بہت مقبول ہیں۔

شٹر ونڈو خریدتے وقت یہ بات ذہن میں رکھنا ضروری ہے کہ آپ ایسی ونڈو کا انتخاب کریں، جو آپ کے گھر میں فٹ رہے اور آپ کو اسے لگاتے وقت کسی قسم کی پریشانی نہ اُٹھانی پڑے۔