اہم اسرائیلی اخبار ٹائمز آف اسرائیل نے بانیٔ پی ٹی آئی کو پاک اسرائیل تعلقات کے لیے موزوں ترین شخصیت قرار دے دیا۔
اسرائیلی اخبار نے لکھا ہے کہ بانیٔ پی ٹی آئی اسرائیل اور پاکستان کے تعلقات کی موجود نوعیت کو بدل سکتے ہیں۔
اخبار کے مطابق بانیٔ پی ٹی آئی کی مدتِ اقتدار میں خارجہ تعلقات میں عملی نقطۂ نظر کو اپنایا گیا۔
اسرائیلی اخبار کا کہنا ہے کہ اسرائیل اور اتحادیوں کو یقینی بنانا چاہیے کہ بانیٔ پی ٹی آئی پاکستانی سیاست میں حصہ لینے کے لیے آزاد ہوں۔
ٹائمز آف اسرائیل نے کہا ہے کہ بانیٔ پی ٹی آئی کی گولڈ سمتھ فیملی سے رشتے داری، خاص طور سے سابقہ اہلیہ جمائما گولڈ اسمتھ سے ازدواجی تعلق ایک حقیقت ہے، یہی قریبی تعلق بانیٔ پی ٹی آئی کا اسرائیل سے متعلق رویہ بدلنے میں اہم کردار ادا کر سکتا ہے۔
اخبار نے کہا ہے کہ بانیٔ پی ٹی آئی کے برادرِ نسبتی زیک گولڈ اسمتھ کا یہودی اور اسرائیل حمایتی با اثر مغربی حلقوں سے قریبی تعلق ہے، زیک گولڈ اسمتھ کے صہیونی اور اسرائیل نواز لابیز سے قریبی تعلق نے بانیٔ پی ٹی آئی کو بھی اسرائیل پر ایک دوسرا مثبت زاویہ دیا، زیک گولڈ اسمتھ کے حق میں میئر لندن کے الیکشن کے دوران پاکستانی نژاد مسلمان صادق خان کی مخالفت بانیٔ پی ٹی آئی کی گولڈ اسمتھ خاندان اور اس سے منسلک صہیونی نیٹ ورک سے وفاداری ثابت کرتی ہے۔
مضمون میں لکھا گیا ہے کہ اطلاعات کے مطابق بانیٔ پی ٹی آئی نے گولڈ اسمتھ فیملی کے ذریعے اسرائیلی حکام کو پیغامات بھیجے، جن میں پاکستان اور اسرائیل کے درمیان تعلقات کو معمول پر لانے کا اشارہ دیا گیا، پاکستانی معاشرے میں بانیٔ پی ٹی آئی کے لیے یہ مشکل چیلنج ہو گا لیکن وہ یہ کر لیں گے۔
واضح رہے کہ بانیٔ پی ٹی آئی کی حکومت میں قومی اسمبلی کے فلور پر پی ٹی آئی سے تعلق رکھنے والی ایک خاتون رکنِ اسمبلی نے پاکستان اسرائیل تعلقات بحال کرنے پر دلائل بھی دیے تھے۔
سیاسی تجزیہ نگاروں کے مطابق صہیونی لابیز بانیٔ پی ٹی آئی کی رہائی کے لیے پوری طرح متحرک ہو چکی ہیں، دی ٹائمز آف اسرائیل کی یہ رپورٹ اس حقیقت کو مزید عیاں کرتی ہے کہ بانیٔ پی ٹی آئی کی رہائی کے لیے صہیونی لابیز کسی حد تک بھی جا سکتی ہیں۔
تجزیہ نگاروں کے مطابق اسرائیلی اخبار میں بانیٔ پی ٹی آئی کے حق میں مضمون آپریشن گولڈ اسمتھ سلسلے کی ایک کڑی ہے، دی ٹائمز آف اسرائیل وہ اسرائیلی اخبار ہے جس کی ایڈیٹوریل پالیسی ہے کہ یہ اسرائیلی حکومت کی اجازت کے بغیر کچھ نہیں چھاپتا۔