ملیالم فلموں کے اداکار ونایاکن کو ہفتہ کی شام حیدرآباد کے راجیو گاندھی انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر گرفتار کرلیا گیا۔
بھارتی میڈیا کے مطابق اداکار کو نشے کی حالت میں ایئرپورٹ کے عملے کے ساتھ بدتمیزی کرنے کے الزام میں گرفتار کیا گیا ہے۔
سینٹرل انڈسٹریل سیکیورٹی فورس (سی آئی ایس ایف ) کے انسپکٹر نے رپورٹ کیا کہ ونایاکن کوچی سے گووا جا رہے تھے، انہوں نے ایئرپورٹ پر عملے کے ساتھ نامناسب رویہ اپنایا، اس وقت وہ نشے کی حالت میں تھے۔
پولیس کا کہنا ہے کہ "اداکار نے نشے کی حالت میں بڑی بدنظمی پیدا کی۔ ہم نے ان کے خلاف مقدمہ درج کرلیا ہے"۔
یاد رہے کہ اداکار ونایاکن گزشتہ سال بھی پولیس افسر سے الجھنے اور نشے کی حالت میں دھمکیاں دینے کے الزام میں گرفتار ہوچکے تھے۔
اسی طرح اداکار ماضی میں بھی تنازعات کا شکار رہے ہیں، جس میں سابق وزیراعلیٰ کیرالہ اُومن چانڈی کے خلاف نازیبا الفاظ کا استعمال اور می ٹو تحریک پر ان کے متنازع بیانات شامل ہیں۔
رپورٹ کے مطابق اداکار ونا یاکن نے متعدد ایوارڈز جیتے ہیں۔ ان کے حالیہ پروجیکٹس میں رجنی کانت کی فلم 'جیلر'، 'کماٹّی پاڈم'، 'اورتھی' اور دیگر شامل ہیں۔